1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلاشنکوف کی نئی الیکٹرک کار

24 اگست 2018

ٹیسلا کے ایلون مُسک کو غیرمتوقع طور پر کلاشنکوف سے خطرات لاحق ہو گئے ہیں کیونکہ اس روسی کمپنی نے اپنی نئی الیکٹرک کار کا پروٹوٹائپ جاری کر دیا ہے۔ مُسک کو برقی کار سازی کی صنعت میں کلاشنکوف کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/33gha
Russland E-Auto CV-1 von Kalaschnikow
تصویر: Kalaschnikow Media

ہتھیار ساز کمپنی کلاشنکوف کنسرن کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ الیکٹرک کاریں بنائی گی۔ اس تناظر میں اس کمپنی نے اپنی نئی الیکٹرک کار ایک پروٹوٹائپ ماڈل پیش کیا ہے۔ پرانے طرز کے اس کو ڈیزائن سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل ملا ہے۔

کلاشنکوف کی شہرت کی وجہ اس کی AK-47 مشین گن ہے اور اس کمپنی کا نام ابھی تک عوامی سطح پر ہتھیار سازی کی وجہ سے ہی مشہور ہے۔

روسی ہتھیار ساز اس کمپنی نے جمعرات کے دن ماسکو کے نواح میں ایک ڈیفنس ایکسپو میں اس نئی کار کا پروٹو ٹائپ ڈیزائن پیش کیا۔ اس نئی برقی گاڑی کا نام CV- 1 رکھا گیا ہے۔

Russland E-Auto CV-1 von Kalaschnikow
اس کار کے پرانے زمانے کے ڈیزائن پر ملا جلا ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہےتصویر: Kalaschnikow Media

اسلحہ ساز کمپنی کلاشنکوف کنسرن نے روسی میڈیا کو بتایا ہے کہ اس الیکٹرک کار میں جو نئی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، وہ ایلون مُسک کی ٹیسلا کی بنائی جا رہی کاروں کی حریف ثابت ہو گی۔

اس کمپنی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق کلاشنکوف کی نئی CV-1 برقی کار ایک مرتبہ چارج کرنے کے بعد ساڑھے تین سو کلو میٹر تک چلائی جا سکے گی۔ تاہم اس کار کے پرانے زمانے کے ڈیزائن پر ملا جلا ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Russland E-Auto CV-1 von Kalaschnikow
اس نئی برقی کار کا رنگ ہلکا نیلا ہے جبکہ گاڑی کے اگلے حصے پر نصب جالی کافی بڑی ہےتصویر: Kalaschnikow Media

اس نئی برقی کار کا رنگ ہلکا نیلا ہے جبکہ گاڑی کے اگلے حصے پر نصب جالی کافی بڑی ہے۔ اس گاڑی کے دروازوں کے ہینڈل بھی ماضی کی گاڑیوں کی یاد تازہ کر دیتے ہیں۔

کلاشنکوف نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ اس نئی برقی کار کا ڈیزائن ستر کے عشرے میں بنائے جانے والی سوویت گاڑی Izh-Kombi کے ڈیزائن سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ کلاشنکوف کنسرن حالیہ سالوں کے دوران اپنے برانڈ کو وسعت دینے کی کوششوں میں ہے۔ اب یہ کمپنی سول شعبے میں استعمال کی جانے والی مصنوعات بھی بنا رہی ہے، جن میں ملبوسات، چھتریاں اور موبائل فونز کے کورز بھی شامل ہیں۔

ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے