1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر میں مرحلہ وار فوجی انخلاء پر غور: بھارتی وزیر داخلہ

12 جون 2009

بھارت کے زیر انتظام ریاست جموّں و کشمیر میں پرتشّدد واقعات میں مسلسل کمی کے نتیجے میں بھارتی حکومت وہاں تعینات فوجیوں کی تعداد میں مرحلہ وار کمی کرنے پر غور کررہی ہے۔

https://p.dw.com/p/I8Ml
بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم سری نگر میں اپنی پریس کانفرنس کے دورانتصویر: AP

یہ بات بھارتی وزیر داخلہ پالانیپن چدم برم نے آج جمعہ کو کشمیر کے اپنے دورے کے اختتام پر سری نگر میں ایک پریس کانفرنس میں کی۔ چدم برم نے تاہم فوجیوں کے انخلاء کے بارے میں کوئی نظام الاوقات طے کرنے سے انکار کردیا۔ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں کمی کے نتیجے میں کشمیر کے بیشتر شہروں اور قصبوں سے فوج کو آہستہ آہستہ ہٹادیا جائے گا۔

چدم برم نے کہا کہ آبادی والے علاقوں میں امن و قانون کی صورتحال قائم رکھنے کے ذمہ داری ریاستی پولیس کو سونپی جائے گی۔ چدمبرم نے کشمیر میں فوج کو حاصل خصوصی اختیارات ختم کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ وزیر دفاع اور وزیر اعظم کے ساتھ اس مسئلے پر بات کریں گے۔ محتاط اندازوں کے مطابق اس وقت شورش زدہ ریاست میں پانچ لاکھ سے زائد فوجی اہلکار تعینات ہیں۔

اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں نیم فوجی دستے اور پولیس اہلکار بھی وہاں موجود ہیں۔ دریں اثناء بھارتی وزیر داخلہ کے کشمیر دورے کے خلاف علیحدگی پسندوں کی کال پر پوری وادی میں جمعہ کو احتجاجی ہڑتال کی گئی۔

رپورٹ : شجاعت بخاری، سری نگر

ادارت: گوہر نذیر گیلانی