1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرزئی کا طالبان کی جنگ بندی کا اعلان اور طالبان کی تردید

1 جون 2019

سابق افغان صدر نے غلطی سے کہہ دیا کہ رمضان کے مہینے کے اختتام پر طالبان جنگ بندی کر رہے ہیں۔ اس اعلان کی طالبان نے فوری طور پر سختی سے تردید کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3JasS
Russland Gespräche zwischen Taliban und afghanischen Politiker in Moskau
تصویر: Reuters/E. Novozhenina

افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے غلطی سے اعلان کر دیا کہ طالبان نے رواں برس بھی عیدالفطر کے موقع پر جنگ بندی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرزئی کے اعلان کے بعد افغانستان کے طول و عرض میں الجھن کی سی ايک کيفيت پھیل گئی۔ افغان ذرائع ابلاغ نے بریکنگ نیوز کا سلسلہ شروع کر دیا۔ کئی فعال افراد نے ٹوئیٹس کرنا اور فیس بک پر پیغامات دینے شروع کر دیے۔

تاہم افغان طالبان نے کرزئی کے اعلان کی فوری طور پر تردید کر دی ہے۔ اس پیغام میں طالبان نے واضح کیا کہ سابق صدر گزشتہ برس کی عید کے موقع پر کی جانے والی جنگ بندی کے حوالے سے بیان دے بیٹھے ہیں۔ کرزئی کے اعلان کے بعد طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اميد ظاہر کی کہ سوشل میڈیا کے صارفین اور عام لوگ غلطی سے کیے جانے والے اعلان کی حقیقت جاننے کے بعد کسی پریشانی سے دوچار نہیں ہوں گے۔

Impressions Global Media Forum 2018 | June 12 Hamid Karzai
حامد کرزئی کے اعلان پر فیس بک پر بہت سے لوگوں نے سابق صدر کو سخت الفاظ کے ساتھ آڑے ہاتھوں لیاتصویر: DW/F. Görner

کرزئی کے ترجمان یوسف صاحا کا کہنا ہے کہ فیس بک پر ایک آڈیو کلپ کی بنیاد پر جنگ بندی کا بیان جاری کیا گیا تھا اور یہ آڈیو کلپ طالبان کا ہے۔ صاحا کے مطابق انہیں یہ بتایا گیا تھا کہ آڈیو کلپ تازہ اور جمعہ اکتیس مئی کو جاری کیا گیا ہے۔ سابق افغان صدر کی میڈیا ٹیم نے بعد میں اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔

افغان حکومتی، سماجی و سیاسی حلقے رمضان کے مہینے کے اختتام اور عیدالفطر کے موقع پر طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے کسی اعلان کی توقع کیے ہوئے ہیں۔ ماسکو میں افغان سیاستدانوں کی طالبان کے ساتھ ہونے والے ملاقاتوں کے بعد جنگ بندی کے اعلان کی توقع کی جا رہی تھی۔ گزشتہ برس جون میں رمضان کے مہینے کے اختتام اور عیدالفطر کے موقع پر طالبان نے حیران کن انداز میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

کرزئی کے اعلان پر فیس بک پر بہت سے لوگوں نے سابق صدر کو سخت الفاظ کے ساتھ آڑے ہاتھوں لیا۔ ایک صارف امان اللہ کامران نے کرزئی سے کہا کہ وہ ایسی بے بنیاد خبر جاری کرنے پر شرمندگی اختیار کریں۔ ایک دوسرے صارف انور تسکین نے کہا کہ کرزئی ایسے اعلان سے لوگوں ميں مذاق کا سبب بن رہے ہیں۔

ملالہ آفریدی کو طالبان نے نہیں، غربت نے اسکول سے نکالا