1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی: شیعہ مسجد پر بم حملہ، دو ہلاک

کشور مصطفیٰ20 مارچ 2015

پاکستان کے جنوبی بندرگاہی شہر کراچی میں ایک مسجد کے باہر ایک موٹر سائیکل پر نصب ایک بم پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/1EuYb
تصویر: picture-alliance/dpa/EPA/S. Akber

یہ بم دھماکہ کراچی کے ایک گنجان آباد علاقے آرام باغ میں اقلیتی شیعہ بوہرہ برادری کی ایک مسجد کے سامنے ہوا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر نصب یہ بم اُس وقت دھماکے سے پھٹا، جب نماز جمعہ کے بعد نمازی مسجد سے نکل رہے تھے۔

مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ ایک عینی شاہد سیف الدین نے اس بارے میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بیان دیتے ہوئے کہا:’’میں اُس وقت مسجد کے اندر موجود تھا اور بہت سے نمازی نماز جمعہ ادا کر کے باہر نکل رہے تھے کہ ایک زور دار دھماکہ ہوا، میں نے بہت سے نمازیوں کو فوری طور پر زمین پر لیٹتے ہوئے دیکھا۔‘‘

دریں اثناء پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے ایک سینیئر آفیسر عمر خطاب نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر نصب یہ بم تقریباً ساڑھے چار پونڈ یا دو کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد سے تیار کیا گیا تھا، جسے ایک ٹائمر کی مدد سے اڑایا گیا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس سے آس پاس کی متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا اور ان کے شیشے ٹوٹ گئے۔

عمر خطاب نے اس امر کی تصدیق کر دی ہے کہ یہ بم اس شیعہ مسجد سے نکلنے والوں کو نشانہ بنانے کے لیے ہی نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے کچھ دیر بعد بہت سے نمازی اپنے خون آلود ملبوسات کے ساتھ مسجد کے باہر جمع ہو کر اپنے رشتے داروں کو تلاش کر رہے تھے۔

Pakistan Anschlag in Karachi 26.06.2013
آئے دن ہونے والے دہشت گردانہ حملوں نے کراچی کو بے حد نقصان پہنچایا ہےتصویر: Reuters

گزشتہ مہینے پشاور میں ایک شیعہ مسجد پر کیے گئے حملے میں بیس افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ اس سال تیس جنوری کو طالبان سے علیحدہ ہونے والے ایک گروپ کی طرف سے جنوبی صوبے سندھ کے شہر شکار پور میں ایک شیعہ مسجد پر کیے جانے والے خود کُش حملے کے نتیجے میں 61 افراد مارے گئے تھے، جو کہ 2013ء کے بعد پاکستان میں فرقہ ورانہ دہشت گردی کا خونریز ترین واقعہ تھا۔

18 ملین کی آبادی والا پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی جرائم ، نسلی فسادات، فرقہ ورانہ جھڑپوں اور سیاسی بحران کی زد میں ہے جہاں ہر سال ہونے والے خونریز واقعات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔