1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاروبار کے لیے سنگاپور، نیوزی لینڈ اور ہانگ کانگ بہترین

عابد حسین30 اکتوبر 2014

عالمی بینک کی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاروبار اور اُس میں وسعت کے لیے سنگاپور، نیوزی لینڈ اور ہانگ کانگ سب سے آسان ملک ہیں۔ پاکستان کو 110 ویں پوزیشن حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/1DdnQ
سنگاپور کی ایک سڑکتصویر: Grand Hyatt Singapore

عالمی بینک کی جانب سے کاروبار شروع کرنے کی سالانہ رپورٹ Doing Business کا آج بدھ کے روز اجراء کر دیا گیا ہے۔ اِس رپورٹ میں ورلڈ بینک نے اقوامِ عالم کے حوالے سے بتایا ہے کہ کون سے ملک کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان اور سازگار ماحول رکھتے ہیں۔ اسی فہرست میں نچلی پوزیشنوں کے ملکوں کے بارے میں یہ تاثر ابھرتا ہے کہ وہاں کاروبار شروع کرنے کے لیے حکومتی اجازت نامے کے حصول اور دفتر شاہی کی رکاوٹوں کو عبور کرنے کے لیے خاصا وقت درکار ہوتا ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں بحر الکاہل کے رقبے کے اعتبار سے چھوٹے مگر انتظامی معاملات میں انتہائی منظم تین ملک عالمی درجہ بندی میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔ ان میں پہلی تین پوزیشنوں پر سنگا پور، نیوزی لینڈ اور چین کا خصوصی انتظامی علاقہ ہانگ کانگ ہیں۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق کاروبار شروع کرنے کے لیے چوتھا بہترین ملک ڈنمارک ہے۔ اُس کے بعد جنوبی کوریا اور ناروے ہیں۔ ساتویں مقام پر امریکا اور آٹھویں پر برطانیہ ہے جبکہ فن لینڈ نویں اور آسٹریلیا دسویں نمبر پر ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق کاروبار شروع کرنے کے لیے آسانیاں فراہم کرنے والے ملکوں میں ابھرتی اقتصادیات کے اہم ترین ملک چین کو خاصا نیچے رکھا گیا ہے۔ رواں برس چین کے پاس 90 ویں پوزیشن ہے جبکہ گزشتہ برس وہ 93 ویں مقام پر تھا۔ کسی حد تک چین کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے۔

نیوزی لینڈ کا شہر کرائسٹ چرچ برف میں دبا ہوا
تصویر: picture alliance/dpa

عالمی بینک کی اِس خصوصی رپورٹ میں 189 ملک شامل ہیں۔ تازہ رپورٹ میں پاکستان اور بھارت کی پوزیشنوں میں مزید تنزلی وقوع پذیر ہوئی ہے۔ سن 2006 میں پاکستان کو کاروبار شروع کرنے والے ملکوں کی فہرست میں61 ویں پوزیشن حاصل تھی لیکن اِس میں مسلسل زوال آ رہا ہے۔ پرویز مشرف کے دورِ حکومت کے بعد جمہوری حکومتوں میں یہ پوزیشن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ برس یہ پوزیشن 107 ویں تھی اور تازہ رپورٹ میں یہ تین درجے گر کر 110 ویں مقام پر چلی گئی ہے۔ ایسا ہی بھارت کے ساتھ ہوا ہے۔ گزشتہ برس بھارت کو 132 واں مقام حاصل تھا اور مودی حکومت کے دوران یہ مقام مزید دو درجے نیچے گر کر 134 واں ہو گیا ہے۔ سری لنکا اور نیپال کی پوزیشنیں بھارت اور پاکستان سے بہتر ہیں۔

برازیل کا ماحول بھی کاروبار شروع کرنے کے لیے بہت سازگار نہیں ہے گو گزشتہ برس کے 123 ویں مقام میں بہتری ضرور آئی ہے اور اب یہ ملک 120 ویں پوزیشن پر ہے۔ چین، بھارت اور برازیل کی طرح روس اور یونان بھی کاروباری حضرات کے لیے بہت زیادہ سازگار ماحول نہیں رکھتے۔ کاروبار یا Doing Business کی رپورٹ مرتب کرنے کے لیے ورلڈ بینک ایک پیچیدہ طریقہ کار استعمال کرتا ہے اور پوزیشن کا تعین مختلف اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ورلڈ بینک کے چیف اکانومسٹ کوشک باسُو کا کہنا ہے کہ اِس رپورٹ میں یہ ممکن ہے کہ ایک ملک کی اقتصادیات کمزور ہوں لیکن وہاں کاروبار شروع کرنے کے حالات سازگار ہوں جبکہ بہتر اقتصادیات کا حامل ملک کاروبار کے لیے مشکل حالات کا بھی حامل ہو سکتا ہے۔ جرمنی ایسے ملکوں کی فہرست میں اکیسویں پوزیشن پر ہے۔