1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈوئچے ٹیلیکوم: نیا ریکارڈ، اسی ارب میں سے چار ارب یورو منافع

19 فروری 2020

جرمنی اور یورپ کی سب سے بڑی ٹیلیکمیونیکیشن کمپنی ڈوئچے ٹیلیکوم کے لیے گزشتہ برس اس کی تاریخ کا کامیاب ترین کاروباری سال ثابت ہوا۔ اسے اسّی بلین یورو سے زائد کی آمدنی ہوئی، جس میں سے خالص منافع تقریباﹰ چار بلین یورو رہا۔

https://p.dw.com/p/3Xzoj
تصویر: dapd

ڈوئچے ٹیلیکوم کے مطابق سال 2019ء اس کے لیے اس کی تاریخ کا کامیاب ترین کاروباری سال زیادہ تر اس وجہ سے ثابت ہوا کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکا میں اس کے نئے صارفین کی تعداد میں مسلسل کئی برسوں سے سالانہ 50 لاکھ سے زائد کا اضافہ ہو رہا ہے۔

اس ادارے کی طرف سے، جس کے صدر دفاتر جرمن شہر بون میں ہیں، بدھ 19 فروری کے روز بتایا گیا کہ سال 2019ء میں چھ فیصد اضافے کے ساتھ یہ کمپنی اپنی مجموعی سالانہ آمدنی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہی۔ پچھلے برس اسے کُل 80.5 بلین یورو کی آمدنی ہوئی اور اس میں سے منافع کی مالیت 3.9 بلین رہی، جو اس سے ایک برس پہلے کے مقابلے میں 80 فیصد زیادہ تھی۔

ڈوئچے ٹیلیکوم کے سربراہ ٹیموتھیئس ہوئٹگس نے بتایا، ''اپنی کاروباری کامیابی کے لحاظ سے اس تاریخ ساز مالی سال کے باعث ہم نے اس شعبے میں پورے یورپ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید بہتر بنا لی ہے۔‘‘ اہم بات یہ ہے کہ اس کمپنی کے لیے جرمنی اور امریکا دو سب سے بڑی کاروباری منڈیاں ہیں۔ ہوئٹگس نے بتایا کہ گزشتہ برس جرمن ٹیلی مواصلاتی منڈی میں اس ادارے کی آمدنی تقریباﹰ ایک فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر 22 بلین یورو ہو گئی۔

USA T-Mobile Sprint | Logo
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/Andre M. Chang

امریکا میں حیران کن کامیابی

گ‍زشتہ برس اس جرمن کمپنی کو سب سے زیادہ کاروباری کامیابی امریکا میں ملی، جہاں سے اس کی سالانہ آمدنی تقریباﹰ نو فیصد اضافے کے باعث 40 بلین یورو کے قریب تک پہنچ گئی۔ ڈوئچے ٹیلیکوم کی امریکا میں کاروبار کرنے والی ذیلی کمپنی ٹی موبائل یو ایس کہلاتی ہے۔

امریکا میں 2019ء کے اختتام پر ٹی موبائل یو ایس کے صارفین کی مجموعی تعداد 86 ملین بنتی تھی۔

اس کے علاوہ ایسا مسلسل چھٹی مرتبہ ہوا کہ امریکا میں ڈوئچے ٹیلیکوم کو سالانہ بنیادوں پر اپنے لیے پانچ ملین سے زائد نئے گاہک بھی مل گئے۔

ٹی موبائل یو ایس کا سپرنٹ کے ساتھ ممکنہ ادغام

ڈوئچے ٹیلیکوم کے سربراہ ٹیموتھیئس ہوئٹگس نے بون میں بتایا کہ امریکا میں ان کے ادارے کے لیے اور زیادہ کاروباری کامیابی کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈوئچے ٹیلیکوم امریکی منڈی میں ٹی موبائل یو ایس کے سپرنٹ نامی ٹیلیکوم کمپنی کے ساتھ ادغام کے جس عمل کے لیے کوشاں ہے، وہ متوقع طور پر دو ماہ بعد اپریل میں مکمل ہو جائے گا۔

ہوئٹگس نے کہا، ''ٹی موبائل یو ایس اور سپرنٹ کے کاروباری ادغام کے ساتھ ہم امریکا میں تیسری سب سے بڑی ٹیلیکوم کمپنی بن جائیں گے، جو وہاں صرف سب سے بڑی کمپنی اے ٹی اینڈ ٹی اور ویرائزن سے پیچھے ہو گی مگر ان کا بھی نئے کاروباری عزم کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔‘‘

م م / ش ح (ڈی پی اے، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں