1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈرک نووٹسکی کی باسکٹ بال سے ریٹائرمنٹ

10 اپریل 2019

ڈیلس میں ڈرک نووٹسکی کا شمار لیجنڈز میں ہوتا ہے۔ تاہم اب باسکٹ بال کے اس معروف جرمن کھلاڑی نے اپنے متاثر کن کیریئر کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3GYky
Dirk Nowitzki
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Gutierrez

اپنے آخری میچ میں ڈرک نووٹسکی نے اس سیزن کی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیس پوائنٹس اسکور کیے اور ساتھ ہی اس چالیس سالہ کھلاڑی نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر ديا۔ وہ گزشتہ اکیس برسوں سے امریکی ’این بی اے‘ میں ڈیلس مَیورِکس کی جانب سے کھیل رہے تھے۔ یہ میچ ڈیلس میورکس نے  فینکس سے 120 کے مقابلے میں 109 پوائٹس سے جیتا۔

Letztes Heimspiel Dirk Nowitzki
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Fox

نووٹسکی نے مجمعے سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ڈیلس کی جانب سے میرا آخری میچ ہے۔ لیکن میں کہیں نہیں جا رہا کیونکہ ڈيلس میری بیوی اور میرے بچوں کے ساتھ میرا نیا گھر ہے۔ میں ریاست ٹیکساس کا شہری بن چکا ہوں۔ آپ سب کا شکریہ۔‘‘

نووٹسکی جرمن شہر وورز برگ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے جرمن قومی ٹیم کی بھی نمائندگی کی ہے۔ اس دوران 2002ء میں جرمن ٹیم نے عالمی کپ میں کانسی کا جبکہ 2005ء کے یورپی مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

USA Dirk Nowitzki
تصویر: picture-alliance/AP Images/LM Otero

نووٹسکی باسکٹ بال کی تاریخ کے اب تک کے بہترین جرمن کھلاڑی ہیں۔ انہی کی وجہ سے ڈیلس مَیورِکس آٹھ سال قبل پہلی مرتبہ این بی اے چیمپئن بنی تھی۔2007ء میں وہ امریکن باسکٹ بال لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑی تھے۔ وہ اپنے پوائنٹس کے اعتبار سے عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

ڈرک نووٹسکی کے مطابق وہ ریٹائرمنٹ کے بعد فوری طور پر کوئی دوسرا روزگار تلاش نہیں کریں گے اور زیادہ تر وقت اپنی بیگم اور بچوں کے ساتھ گزاریں گے۔ ان کے بقول، ’’اب میں وہ ساری چیزیں کروں گا، جو میں باسکٹ بال کھیلنے کے دوران نہیں کر سکا تھا۔‘‘ نووٹسکی کی اہلیہ جیسیکا کا تعلق سویڈن سے ہے اور ان کے تین بچے ہیں۔ دو بیٹے اور ایک بیٹی۔

Basketballer Dirk Nowitzki mit Familie
تصویر: picture-alliance/Sven Simon