1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں خنزیر کی بنجی جمپنگ، سوشل میڈیا پر شدید تنقید

20 جنوری 2020

چین کے ایک پارک میں بنجی جمپنگ سہولت فراہم کی گئی ہے لیکن اس کا افتتاح ایک زندہ خنزیر کو ستر میٹر بلندی سے نیچے پھینکتے ہوئے کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر انتظامیہ کے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3WT2z
Screenshot l China - Schwein Bungee Jumping
تصویر: chinapress.com.my

چین کے شہر چونگ چِنگ میں واقع پارک کی انتظامیہ نے اپنے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ٹاور سے زندہ خنزیر کو نیچے پھینکنے کا فیصلہ بالکل درست تھا۔ چینی میڈیا کے مطابق 75 کلوگرام وزنی خنزیر کو پہلے تو اٹھاتے اور گھسیٹتے ہوئے لوہے کی سیڑھیوں سے اوپر لے جایا گیا۔ پھر اسے  رسیوں سے باندھا گیا اور 230 فٹ کی بلندی سے نیچے کی طرف پھینکا گیا۔

چائنا گلوبل ٹائم نے اس واقعے کی ویڈیو ہفتے کے روز نشر کی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بنجی جمپنگ کے بعد خنزیر بے ہوش زمین پر پڑا  ہے۔ اس کی رسیاں کھولنے کے باوجود بھی وہ چلنے پھرنے سے قاصر دکھائی دیا۔ جب اس جانور کو نیچے کی طرف پھینکا گیا تو خنزیر بہت دیر تک چیختا رہا  اور  وہاں موجود لوگ تالیاں بجانے کے ساتھ ساتھ قہقہے بھی لگا رہے۔

Screenshot l China - Schwein Bungee Jumping
تصویر: chinapress.com.my

دوسری جانب سوشل میڈیا پر پارک کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کچھ صارفین کا چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم وائیبو پر کہنا تھا، ''اس پارک کے مالک کو بھی بالکل اسی طرح رسیوں سے باندھا جائے اور نیچے پھینکا جائے، ایسا کرنا زیادہ پرلطف ہو گا۔‘‘ ایک دوسرے صارف نے لکھا ہے، ''مارکیٹنگ کا یہ انداز انتہائی بھونڈا ہے۔ یہ جانوروں پر ظلم ہے۔‘‘ ایک اور صارف کا کہنا تھا، ''یہ بالکل بھی مزاحیہ نہیں ہے۔ اس سے صرف یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انسان جب بیزار ہوتا ہے، تو وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔‘‘

پارک کے ایک ترجمان کا 'ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس طرح لوگوں کو 'ایک چھوٹی سی تفریح فراہم‘ کی گئی ہے۔ اس کے گوشت کو ویسے بھی قمری سال کی افتتاحی تقریب میں لوگوں نے کھانا ہے۔ چین کا روایتی رواں سال خنزیر کا سال تھا۔ یہ سال پچیس جنوری کو اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رواں سال چین میں خنزیر کے گوشت کی قیمتیں بھی بلندی پر ہیں۔ چین میں آئندہ نئے سال کو 'چوہے کا سال‘ قرار دیا گیا ہے۔ 

ا ا / ع ا ( اے پی، اے ایف پی) 

Screenshot l China - Schwein Bungee Jumping
تصویر: chinapress.com.my