1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں برڈ فلو پرندوں سے پھیلا یا انسانوں سے

Kishwar Mustafa10 اپریل 2013

عالمی ادارہ صحت نے طبی محققین سے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں لیبارٹری ٹیسٹ کا سلسلہ تیز تر کردیں اور پتہ لگانے کی کوشش کریں کہ آیا H7N9 انسانوں سے پھیلا ہے یا اس کے پھیلاؤ کا سبب پرندے ہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/18CDL
تصویر: Reuters

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ مشرقی چین میں 7 افراد کی جان لینے والے H7N9 برڈ فلو کے پھیلاؤ کی وجوہات معلوم کرنےکے لیے پرندوں کی جانچ کا کام وسیع پیمانے پر کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے اندر چین میں اس مہلک فلو کی لپیٹ میں دو درجن سے زائد انسان آئے ہیں۔ تاہم اب تک ایسی واضح علامات سامنے نہیں آئی ہیں جن سے یہ ثابت ہو سکے کہ یہ پرندوں ہی سے پھیلا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی چین کی شاخ کے نمائندے O'Leary کے بقول، جانوروں میں اس ٹیسٹ کو زیادہ احتیاط اور تفصیل سے کرنے کی ضروت ہے۔ محض لیبارٹری ٹیسٹ ہی بتا سکیں گے کہ آیا صحت مند پرندے بھی اس سے متاثر ہوئے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا،’ برڈ فلو کے وائرس H5N1 کی طرح ہمیں H7N9 فلو کی واضح علامات نہیں نظر آئی ہیں۔ وائرس H5N1 کے پھیلاؤ کے نتیجے میں بہت بڑی تعداد میں مرغیاں ہلاک ہوئی تھیں جبکہ H7N9 کے حملے میں ایسا دیکھنے میں نہیں آرہا ہے بلکہ ماضی کے برعکس اس بار H7N9 سے 24 انسان متاثر ہوئے ہیں اور جن میں سات موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ شنگھائی میں حکام نےبتایا کہ اس وائرس کے حملے کی وجہ سے ایک 64 سالہ شخص ہلاک ہوا۔ اُدھر صوبے ژانگ سُو سے ایک 25 سالہ خاتون اور ایک 85 سالہ مرد کے H7N9 سے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

Grippevirus Probe im Labor
برڈ فلو کا لبارٹری ٹیسٹتصویر: AP

O'Leary کے بقول اس وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد اچھی خاصی ہے۔ انسانوں میں اس وائرس کے پھیلاؤ کی پیشگوئی اب بھی مشکل ہے۔ دریں اثناء عالمی ادارہ صحت اور چین کی وزارت صحت دونوں نے کہا ہے کہ انہیں اب تک اس نئے وائرس کے انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ O'Leary نے کہا ہے کہ اب بھی پولٹری کا استعمال محفوظ ہے۔ بشرطیکہ اسے اچھی طرح تیار اور پکایا جائے۔

امریکا اور کینیڈا میں برڈ فلو وائرس کی باریک بینی سے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ چینی شہر شنگھائی میں حکام کا کہنا ہے کہ برڈ فلو کے بعد شہر کے پولٹری بازاروں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ شنگھائی کی پولٹری مارکیٹ میں ایک کبوتر میں وائرس ملنے کے بعد سے پولٹری کو بڑے پیمانے پر ضائع کیا جا رہا ہے۔

km/ai (dpa)