1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین بیرونی سرمایہ کاری کے لیے اپنے دروازے کھولے، یورپ

19 اکتوبر 2018

یورپی حکومتوں نے ایشیا يورپ سمٹ ميں چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی معیشت کے دروازے غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے کھولے۔ اس دو روزہ سربراہی اجلاس میں امریکا کے علاوہ چین کی اقتصادی پالیسیاں بھی زیر بحث آئيں۔

https://p.dw.com/p/36r0c
China Ministerpräsident Li Keqiang und Angela Merkel
تصویر: Getty Images/AFP/W. Zhao

یورپی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ایک طرف تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’پروٹیکشنزم‘ پر مبنی پالیسیوں کے سدباب پر گفت گو ہو رہی ہے، تاہم چین بھی اسی انداز کے اقدامات کے ذریعے سرکاری سبسٹڈی دے کر کاروباری اداروں کے لیے مقابلے کی فضا ختم کرنے جیسے اقدامات میں مصروف ہے۔

یورپ ایشیا عوامی فورم: امن اور خوشحالی کا سانجھا خواب

یورپی یونین کی طرز پر’ایشیئن یونین ‘بنانے کا خواب

ایشا یورپ سمٹ ميں 65 ممالک کے وفود شریک ہوئے، جن میں فرانس، برطانیہ، جرمنی اور اٹلی کے رہنماؤں کے علاوہ یورپی کمیشن کے اعلی اہلکاروں نے بھی چینی وزیراعظم لی کیچیانگ سے ملاقاتیں کیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس بات چیت کے نتيجے میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت چین میں یورپی کمپنیوں کی بہتر رسائی کے معاملہ حل ہو پائے گا۔

لی کیچیانگ نے اپنی برطانوی ہم منصب ٹیریزا مے سے بات چیت میں کہا کہ وہ برطانیہ کے ساتھ تجارت کے اعتبار سے ایک نہایت اچھے وقت کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

آج اپنے اختتام کو پہنچنے والی اس سمٹ کی صدارت یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کر رہے تھے، جب کہ جمعے کے روز جاری کردہ ایک فوٹو میں چانسلر میرکل اور چینی وزیراعظم سمیت پچاس ممالک کے رہنما دکھائی دیے۔

چین ایک طویل عرصے سے یہ وعدہ کر رہا ہے کہ وہ اپنے ہاں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے گا، جب کہ مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اب تک نہایت کم پیش رفت ہوئی ہے۔ مغربی ممالک کو خدشات ہیں کہ صدر شی جن پنگ کے دور اقتدار میں چینی معیشت پر حکومتی عمل داردی میں مزید اضافہ ہوگا۔

جمعرات کے روز فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں نے چینی وزیراعظم کے ساتھ بات چیت میں چین کے پولٹری، ادویات سازی اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں زیادہ بہتر رسائی کی بابت بات چیت کی۔ تاہم فرانسیسی حکام کے مطابق اس بات چیت میں نہایت کم پیش رفت سامنے آئی۔

دوسری جانب روسی وزیراعظم دیمیتری میدیویدف برسلز کا دورہ کر رہے ہیں۔ سن 2014ء میں ایک متنازعہ ریفرنڈم کے بعد یوکرائنی علاقے کریمیا کو روس میں ضم کیے جانے کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ برسلز ہے۔ انہوں نے برسلز میں اپنے ایک بیان میں کہا، ’’اس ٹیبل پر اس وقت متعدد ایسے ممالک موجود ہیں، جنہوں نے اقتصادی جنگ کی جھلکیاں دیکھ رکھی ہيں اور شاید یہ تکلیف دہ چیز اب دوبارہ ہو رہی ہے۔‘‘

ع ت، ع س (روئٹرز، اے ایف پی)