1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین بیرون ملک سے دس ہزار افراد کو زبردستی واپس لے آیا، رپورٹ

19 جنوری 2022

ایک بین الاقوامی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق چین بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں کو زور زبردستی وطن واپس لانے کے لیے سن 2014 سے کارروائیاں کر رہا ہے۔ وہ اب تک دس ہزار کے قریب چینی افراد کو وطن واپس لانے میں کامیاب ہوچکا ہے۔

https://p.dw.com/p/45jNW
Taiwan - Proteste gegen das Auslieferungsgesetz an China
تصویر: Citizen Front Taiwan

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسپین کی ایک غیر سرکاری تنظیم  'سیف گارڈ ڈیفنڈرز‘ نے منگل کے روز شائع کردہ اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ چین نے اپنے شہریوں کو ان کی مرضی کے خلاف بیرون ملک سے وطن واپس لانے کے لیے قانونی دائرہ کار سے باہر کے طریقوں کو استعمال کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین نے 'آپریشن فاکس ہنٹ‘  اور 'آپریشن اسکائی نیٹ‘  کے ذریعہ یہ کارروائیاں انجام دیں۔ اس کے تحت لوگوں کو ان کی مرضی کے خلاف چین واپس آنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا اور سال 2014 سے اب تک بیرون ملک میں مقیم تقریباً دس ہزار چینی شہریوں کو زبردستی ملک واپس لایا جا چکا ہے۔

سیف گارڈ ڈیفنڈرز کی رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار ''صرف اس معاملے کا آغاز‘‘ ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ چین بیرون ملک طاقت کے استعمال کی اپنی پالیسی کو توسیع دیتے ہوئے 'غیر ملکی سرزمین پر غیر قانونی کارروائیاں‘  کر رہا ہے۔

سرکاری طور پر ان کارروائیوں کا ہدف بننے والے افراد چینی صدر شی جن پنگ کی انسداد بدعنوانی مہم کے تحت چینی عدالتی نظام کو مطلوب ہیں۔ لیکن غیر سرکاری تنظیم  'سیف گارڈ ڈیفنڈرز‘ نے ایسے کیسز کی تفصیلات بھی بیان کی ہیں جس میں ایسے افراد کے رشتہ داروں کو چین میں ہراساں اور گرفتار کیا گیا، جو چینی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی پر تنقید کرتے تھے۔

Taiwan - Proteste gegen das Auslieferungsgesetz an China
تصویر: Citizen Front Taiwan

ماورائے عدالت طریقوں کا استعمال

رپورٹ کے مطابق 'آپریشن فاکس ہنٹ‘ اور 'آپریشن سکائی نیٹ‘  کے نام سے کی گئی دو کارروائیوں میں کچھ افراد کو ہدف بنا کر ان کی مرضی کے خلاف چین واپسی کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔ ان کارروائیوں میں ماورائے عدالت طریقے استعمال کیے گئے، جن میں اغوا، ہراسانی اور زبردستی شامل ہیں۔

این جی او کی رپورٹ میں کہا گیا، ''بیرون ملک موجود چینی باشندوں کی تعداد میں بڑا اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ چین چھوڑنے والے افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے - بیجنگ اس سے قبل بیرون ملک اپنی سکیورٹی فورسز کی طاقت بڑھانے میں اتنا زیادہ متحرک کبھی نہیں رہا۔‘‘

سیف گارڈ ڈیفینڈرز نے اس حوالے سے بیجنگ حکومت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کو بطور ثبوت پیش کیا ہے، جس کے مطابق سال 2014 سے تقریباً 10000چینی شہریوں کو زبردستی واپس لایا گیا ہے۔

چین کے انسداد بدعنوانی ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو سالوں کے دوران بیجنگ بیرون ملک سے 2500 کے قریب افراد کو واپس لایا ہے، لیکن ان میں وہ افراد شامل نہیں جو غیر معاشی جرائم میں ملوث نہیں رہے یا ایسے افراد جو چین کی کمیونسٹ پارٹی کے رکن نہیں ہیں۔

Belgien | China | Muslime | Uiguren
تصویر: Getty Images/AFP/E. Bunand

چین میں موجود رشتہ داروں کو بھی دھمکیاں

سیف گارڈ ڈیفینڈرز کی رپورٹ کے مطابق ایسے مشتبہ افراد کے چین میں موجود اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے واقعات بڑے پیمانے پر پیش آئے  اور بیرون ملک مقیم اہداف کو دھمکانے کے لیے چین میں موجود ان کے رشتہ داروں کے پاس چینی ایجنٹ بھیجے گئے۔

تنظیم کے مطابق بعض اوقات بیرون ملک مقیم افراد کو تیسرے ملک آنے کی ترغیب دی جاتی ہے اور انہیں ایسے ممالک بلایا جاتا ہے جن کے بیجنگ حکومت کے ساتھ حوالگی کے معاہدے ہیں۔

آپریشن فاکس ہنٹ سال 2014 میں ایسے افراد کو تلاش کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا جو معاشی جرائم میں ملوث تھے جب کہ آپریشن اسکائی نیٹ سن 2015 میں شروع کیا گیا جس کو بعد میں فاکس ہنٹ کا حصہ بنا دیا گیا۔

چین پر اس سے قبل بھی بیرون ملک اغوا کے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔ سال 2015 میں کتب فروش اور سویڈش شہری گوئی من ہائی کو مبینہ طور پر تھائی لینڈ سے اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں چین کی حراست میں دیکھا گیا۔

اس واقعے کے دو سال بعد ارب پتی کاروباری شخصیت شیاؤ جیان ہوا  ہانگ کانگ سے غائب ہو گئے تھے جن کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ وہ ابھی تک چین کی حراست میں ہیں۔

چین میں کمیونسٹ پارٹی کے زیر کنٹرول عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے والے زیادہ تر افراد کو سزا سنا دی جاتی ہے۔

ج ا /  ع آ  (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں