1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین اور امریکا بیان بازی سے پرہیز کریں، لی کیچیانگ

17 مارچ 2013

چین کے نو منتخب وزیر اعظم لی کیچیانگ نے کہا ہے کہ بیجنگ اور واشنگٹن حکومتوں کو سائبر سکیورٹی کے حوالے سے ایک دوسرے پر ’بے بنیاد الزامات‘ سے پرہیز کرنا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/17z67
تصویر: Reuters

لی کی چیانگ نے اتوار کو پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس کے اختتام پر کہا ہے کہ امریکا اور چین کو سائبر سکیورٹی اور ایک دوسرے کے کمپیوٹر سسٹمز کی ہیکنگ کے الزامات کا تبادلہ نہیں کرنا چاہیے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان کا یہ بیان دونوں ملکوں کے درمیان قومی سلامتی اور سائبر حملوں پر لفظوں کی جنگ کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

امریکا کی ایک کمپیوٹر سکیورٹی کمپنی نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ چین کا ایک خفیہ عسکری یونٹ ممکنہ طور پر ہیکنگ کے لیے کیے جانے والے سلسلہ وار حملوں میں ملوث ہو سکتا ہے، جن میں سے بیشتر کا نشانہ امریکا تھا۔

لی کیچیانگ نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران اس حوالے سے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں اس سوال میں ’غلطی کے گمان کا شائبہ ہوتا ہے۔‘

China Volkskongress Fortsetzung Xi Jinping
چین کے صدر شی جِن پنگ اور نومنتخب وزیر اعظم لی کیچیانگتصویر: Reuters

انہوں نے مزید کہا: ’’میں سجھتا ہوں کہ ہمیں ایک دوسرے پر بے بنیاد الزامات نہیں لگانے چاہیئں، اور ایسے عملی اقدامات کرنے پر زیادہ وقت صَرف کرنا چاہیے جو سائبر سکیورٹی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔‘‘

کیچیانگ نے کہا: ’’یہ عالمی مسئلہ ہے۔ دراصل، چین خود ایسے حملوں کا بڑا ہدف ہے۔ چین ایسی سرگرمیوں کی حمایت نہیں کرتا بلکہ ان کے خلاف ہے۔‘‘

امریکی حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکرٹری خزانہ جیک لیو امریکی کمپنیوں اور دیگر اداروں پر سائبر حملے رکوانے اور ان کی تفتیش کے لیے چین پر دباؤ ڈالیں گے۔

امریکا کے صدر باراک اوباما نے جمعرات کو چین کے نئے صدر شی جِن پنگ سے ٹیلی فون پر بات کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے بھی کمپیوٹر ہیکنگ کے بارے میں اپنی حکومت کے تحفظات کا ذکر کیا تھا۔

جِن پنگ کی پہلی تقریر

شی جِن پنگ نے اتوار کو بطور صدر اپنی پہلی تقریر میں کہا ہے کہ ان کی حکومت شاہ خرچیوں کو مسترد کرے گی اور بدعنوانی اور دیگر ناجائز سرگرمیوں کے خلاف کام کرنے گی۔ انہوں نے یہ بات بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں خطاب کے دوران کہی، جہاں تقریباﹰ تین ہزار مندوبین موجود تھے۔

ان کے اس خطاب سے کچھ دیر بعد نومنتخب وزیر اعظم لی کیچیانگ نے کہا کہ مرکزی حکومت غیرملکی دوروں، گیسٹ ہاؤسز، دفاتر اور نئی گاڑیوں پر اخراجات کو منجمد کر دے گی۔

ng/at (Reuters, AP)