1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: بارسلونا نے آرسنل کو ہرا دیا

9 مارچ 2011

برطانوی فٹ بال کلب آرسنل کی چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی اور منگل کی شب کھیلے گئے ایک میچ میں ایف سی بارسلونا نے اسے ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/10VZh
ایف سی بارسلونا کے اسٹارز انیاسٹا ایکشن میںتصویر: picture-alliance/empics

آرسنل کی کوارٹر فائنل تک پہنچنے کی خواہش میں ہسپانوی کلب بارسلونا کے لیونیل میسی آڑے آ گئے۔ میسی نے میچ میں دو گول اسکور کیے۔ پچھلے سیزن کے کوارٹر فائنل میں آرسنل کی شکست کے پیچھے بھی میسی کا ہاتھ تھا۔ اس میچ میں میسی نے چار گول داغے تھے۔

Fußball Champions League FC Barcelona - Arsenal
میسی ایک مرتبہ پھر آرسنل کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئےتصویر: AP

اسپین میں کھیلے گئے اس میچ میں بارسلونا کی تین ایک سے فتح کے بعد مجموعی طور پر آرسنل اور بارسلونا کا اسکور چار تین ہو گیا ہے۔ اس سے قبل لندن میں کھیلے گئے پچھلے دور کے میچ میں آرسنل نے بارسلونا کو دو ایک سے ہرا دیا تھا۔

اس میچ میں بھی توقع کی جا رہی تھی کہ آرسنل بارسلونا کو ہرانے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم میچ کے پہلے ہاف میں میسی نے ایک شاندار گول کر کے بارسلونا کو برتری دلا دی۔ اس پورے ہاف میں بارسلونا کی ٹیم چھائی رہی اور گیند زیادہ تر اسی کے پاس رہی۔

دوسرے ہاف میں کچھ دیر کے لیے یہ محسوس ہوا کہ آرسنل میچ میں واپس آ  گئی ہے۔ میچ کے ترپنویں منٹ میں آرسنل گول کرنے میں کامیاب ہو گئی تاہم یہ برتری محض عارضی ثابت ہوئی اور بارسلونا نے دوسرے ہاف میں مزید دو گول کر دیے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی