چنئی ٹسیٹ: جارحانہ سہواگ کے بلے نے بھارت کوبل دیا
14 دسمبر 2008کل پیر کو کھیل کا آخری دن ہے اور بھارت کے پاس ابھی نو وکٹیں محفوظ ہیں۔ بھارتی شہر چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے اینڈریو سٹراس اور پال کالنگ ووڈ کی سنچریوں کی مدد سے اپنی دوسری اننگز میں 311 رنز سکور کئے۔
انگلینڈ نے نو وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز ڈکلئیر کردی اور اس طرح بھارت کو میچ جیتنے کے لئے 387 رنوں کا بظاہر مشکل ٹارگیٹ دیا۔ لیکن بھارتی افتتاحی بلے باز وریندر سہواگ نے ون ڈے کے انداز میں اپنا جارحانہ کھیل پیش کیا۔ سہواگ نے محض 68 گیندوں پر 83 رنز بنالئے اور بالآخر وہ Swann کی گیند پر lbw آوٴٹ ہوگئے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر کریز پر گوتم گھمبیر اکتالیس اور راہُل ڈراوڈ دو رنز بناکر ناٹ آوٴٹ تھے۔
انگلینڈ کی طرف سے افتتاحی بیٹسمین اینڈریو سٹراس نے چنئی ٹیسٹ کی دونوں ہی اننگز میں سنچریاں سکور کیں۔
اس سے قبل انگلینڈ ٹیم نے بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام تک تین وکٹوں کے نقصان پر172رن اسکور کئے اور اس طرح مجموعی طور پر بھارت پر247 رنوں کی سبقت حاصل کرلی تھی۔
بھارت کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 241 رنوں پر آوٴٹ ہوگئی تھی۔ بھارتی وکٹ کیپر کپتان مہیندر سنگھ دھونی 53 اور آف اسپنر ہربھجن سنگھ چالیس رنوں کے ساتھ اپنی ٹیم کے لئے ٹاپ اسکورر رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے اینڈریو فلینٹاف اور مونٹی پینیسار نے تین تین وکٹ لئے۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بھی کپتان کیون پیٹرسن کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے جبکہ ائین بیئل کی خراب فارم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔