چلیے کیمپنگ کریں
کیمپنگ یورپ بھر میں ہر عمر کے لوگوں کا ایک محبوب مشغلہ ہے۔ وہ آذاد اور خودمختارہونا چاہتے ہیں، یہی چیز ان سب میں مشترک ہے۔
تہوار کا موسم ، کیمپنگ کا وقت
جرمنی میں ’واکن اوپن ایئر‘ فیسٹیول ہو یا پھر یہاں سمرسیٹ انگلینڈ کا ’گلاسٹون بری فیسٹیول‘، کیمپنگ کے بغیر فیسٹیول کا ماحول نہیں بنتا۔ فیسٹیول میں شرکت کرنے والوں کی فہرست میں سب سے پہلے ایک تہہ ہوجانے والا خیمہ یا فولڈنگ ٹینٹ شامل ہوتا جو نہ صرف بہت کم وزن ہوتا ہے بلکہ یہ جگہ بھی کم گھیرتا ہے اور اسے بہت کم وقت میں تیار کیا جا سکتا ہے۔
کھانے کے معاملے میں بھی ماحول دوستی
عام طور پر کیمپنگ کرنے والوں کی مرغوب ترین غذا ٹین میں پیک نوڈلز ہیں۔ لیکن اب صورتحال بدل رہی ہے اور وجہ ہے ماحول کی حفاظت۔ اب لوگ تازہ سبزیوں، مقامی پاستے اور چاولوں کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ اسے ساتھ لائیں، تازہ پکائیں اور مزے سے کھائیں۔
فطرت سے قربت
یورپ کے بہت سے ممالک میں طے شدہ مقامات سے ہٹ کر کیمپنگ کرنا غیر قانونی ہے۔ مگر اسیکنڈے نیویا میں صورتحال مختلف ہے۔ وہاں آپ کسی بھی عوامی یا کھلی جگہ پر ایک دو راتیں بسر کر سکتے ہیں، مگر شرط یہ ہے کہ آپ ماحول کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے اور گھروں وغیرہ سے آپ کو مناسب فاصلہ بھی رکھنا ہو گا۔
فطرت کے درمیان
درختوں پر خیمے جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور فن لینڈ میں ایک ممکنہ صورت ہے۔ مگر اس کے لیے آپ کو بہت ہی کم چیزیں ساتھ رکھنا ہوتی ہیں کیونکہ ان خیموں کے سرکنے کا امکان ہوتا ہے۔ آپ کا سامان اور دیگر چیزیں ٹینٹ سے باہر بنے ایک باکس میں محفوظ رکھی جا سکتی ہیں۔
چھوٹے گھر
اگر آپ کو کیمپنگ پسند نہیں تو کسی دور دراز جگہ پر ایک چھوٹا گھر بھی آپ کا انتخاب ہو سکتا ہے۔ حالیہ برسوں میں یہ کافی مقبول ہوئے ہیں جن میں کیمپنگ کا احساس بھی شامل ہوتا ہے اور گھر کی راحت بھی۔ اِگلو کی شکل کا یہ چھوٹا سا گھر آرکسونگساندور فیورڈ، آئس لینڈ میں ہے۔ اس میں ستاروں کا نظارہ کرنے کے لیے چھت کھولنے کی سہولت بھی موجود ہے۔
گلیمپنگ
اگر آپ کو ہوٹل کا آرام اور کھلی جگہ پر چھٹیاں گزارنا دونوں ہی پسند ہیں تو آپ ممکنہ طور پر گلیمپر ہیں۔ گلیمپنگ اصل میں دو الفاظ ’گلیمرس‘ اور ’کیمپنگ‘ کا مرکب ہے۔ یہ رجحان 2000ء کے اوائل میں امریکا میں شروع ہوا اور وہاں سے یورپ میں پھیلا۔ اس گنبد نما خیمے میں رات بسر کرنے کی اپنی قیمت بھی ہے جو 200 یورو یومیہ ہو سکتی ہے۔ اور یہ ایک عام کیمپنگ سائٹ کی نسبت دس گنا تک زیادہ ہے۔
انفرادیت پسند
سب سے الگ تھلگ مگر آرام و سکون چھوڑے بغیر، یہی چیز جدید موٹر ہومز یا کاروان یقینی بنانے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ 2020ء میں کورونا وائرس کے دور میں ان کی قیمتیں آسمان تک جا پہنچیں۔ ان آرام دہ گاڑیوں میں چھٹیاں منانا بہت زیادہ مقبول ہوا ہے۔
مشہور و معروف کیمپر ویگن
کیمپر ویگن اختتام ہفتہ پر چھٹی منانے یا پھر دنیا بھر کا چکر لگانے دونوں کے لیے زبردست ہیں۔ اور فوکس واگن کا یہ ماڈل تو انتہائی شہرت رکھتا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ 1949ء میں تیار کی گئی اور اس کے بعد یہ کئی ملین کی تعداد میں فروخت ہوئیں۔ فوکس واگن کی 1960ء اور 1970ء کی دہائی میں بنائی گئی کییمپر ویگنوں کے خریدار تو آج بھی موجود ہیں۔
آپ اکیلے نہیں
بہت سے جرمن لوگ اپنی گرمی کی چھٹیاں کیمپ سائٹس پر گزارتے ہیں جیسا کہ تصویر میں نظر آنے والا یہ ایک مقام جو دریائے رائن کے کنارے موجود ہے۔ جرمنی میں 2800 کیمپ سائٹس موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر ریاست باویریا میں ہیں۔ یہاں تک کہ کیمپنگ کے دلدادہ ڈچ لوگ بھی جرمنی میں چھٹیاں گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
بھیڑ بھاڑ سے دور
جرمنی میں "Landvergnügen" یعنی مضافاتی راحت نامی گائیڈ آپ کو جرمنی بھر میں وائن تیار کرنے والے ایسے مقامات، فارمز اور باغات کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے جہاں مفت میں کیمپنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس گائیڈ میں 1100 سے زائد میزبانوں کی تفصیل درج ہے اور یہ گائیڈ ایک سالانہ بیج کے ساتھ خریدی جا سکتی ہے۔ مہمانوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ فارم کی مصنوعات خریدیں۔ اس خیال کا آغاز فرانس میں ہوا تھا۔
This picture gallery was originally written in German.