1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’چاک و چوبند بھارت‘

29 اگست 2019

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ’انڈیا فِٹ تحریک‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس تحریک کے تحت لوگوں میں ورزش کی عادت پیدا کرنے اور انہیں اپنی صحت بہتر بنانے کے حوالے سے شعور و آگہی فراہم کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/3OgjS
Narendra Modi Fashion Hut
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Das

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے اندھرا گاندھی اسٹیڈیم میں قومی یومِ کھیل کے موقع پر نریندر مودی نے 'فِٹ انڈیا موومنٹ‘ کے افتتاح کا اعلان کیا۔ اس پروگرام کا مقصد ملک بھر میں صحت اور تندرستی کا خیال رکھنے کے رجحان میں اضافہ کرنا ہے۔ اپنے خطاب میں مودی نے تمام بھارتی شہریوں کو اس تحریک کا حصہ بننے کی دعوت دی۔

یوگا کا کون سا انداز درست اور مناسب ہو سکتا ہے؟

یوگا، دنیا بھر میں بھارت کی پہچان

اپنے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے انسانی صحت پر خراب اثرات مرتب کیے ہیں اور انہیں جسمانی طور پر سست بنایا ہے، جب کہ باقاعدہ ورزش کے لیے وقت نکالنا صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔

اس سے قبل اپنے ماہانہ ریڈیو خطاب 'من کی بات‘ میں وزیراعظم مودی نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی تن درستی کی مہم کا افتتاح کریں گے۔

اس اعلان کے بعد بھارت کے متعدد قومی اسٹار کھلاڑیوں نے اس مہم کی حمایت کا اعلان کیا۔

یہ بات اہم ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی یوگا کے مداح ہیں اور ماضی میں اپنی صحت کا راز بھی یوگا کو قرار دے چکے ہیں۔

جمعرات کے روز کھیلوں کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بھارت کے روایتی مارشل آرٹس اور رقص سمیت متعدد کھیلوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

بھارت میڈیا  کے مطابق یہ پورا پروگرام وزیراعظم نریندر مودی کا تصور ہے، جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو جسمانی تحریک اور کھیلوں کی جانب مائل کر کے ان کی صحت کی بہتری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام میں لوگوں کو شامل کرنے کے لیے ایک علامتی مہم بھی چلائی جائے گی، جس میں لوگ وعدہ کریں گے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر جسمانی سرگرمیوں اور کھیلوں کے لیے وقت وقف کریں گے، جب کہ اپنے اہل خانہ اور دیگر دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی چاک و چوبند رہنے کی جانب راغب کریں گے۔