1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیرو کے سابق صدر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خودکشی کر لی

17 اپریل 2019

پیرو کے سابق صدر ایلن گارسیا نے اُس وقت خود کو گولی مار لی جب ملکی پولیس انہیں گرفتار کرنے پہنچی۔ گارسیا کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے۔

https://p.dw.com/p/3GzWU
Peru Ex Präsident Alan Garcia Perez SW
تصویر: Reuters/D. Silva

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیرو کے سابق صدر ایلن گارسیا کا ہسپتال میں انتقال ہو گیا ہے۔ لیما میں پولیس نے بتایا کہ آج بدھ 17 اپریل کو سابق صدر کو جب گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے خود کو سر میں گولی مار لی۔

گارسیا کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا تھا اور پولیس نے انہیں اسی سلسلے میں گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی۔ انسٹھ سالہ گارسیا کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا، جہاں ان کی ہنگامی بنیادوں پر سرجری کی گئی۔

گارسیا کی امیریکن پاپولر ریوولوشنری الائنس (APRA) پارٹی کے سیکرٹری جنرل عمر قصیدہ نے گارسیا کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’’ایلن گارسیا انتقال کر گیا ہے۔ آپرا زندہ باد‘‘۔

Peru Ex Präsident Alan Garcia Perez ARCHIV
دو بار پیرو کے صدر رہنے والے ایلن گارسیا کو پولیس منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت جاری کیے گئے گرفتاری کے وارنٹس کے ساتھ گرفتار کرنے پہنچی تھی۔تصویر: Reuters/M. Bazo

دو بار پیرو کے صدر رہنے والے ایلن گارسیا کو پولیس منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت جاری کیے گئے گرفتاری کے وارنٹس کے ساتھ گرفتار کرنے پہنچی تھی۔ پیرو کے دفتر استغاثہ کے مطابق ان وارنٹس کے تحت گارسیا کو 10 یوم کے لیے زیر حراست رکھا جا سکتا تھا جس دوران نہ صرف حکام کو ان کے خلاف شواہد جمع کرنے کا موقع ملتا بلکہ اس کا مقصد سابق صدر کو ملک سے فرار ہونے سے روکنا بھی تھا۔

گارسیا 1985ء سے 1990ء اور پھر 2006ء سے 2011ء تک پیرو کے صدر رہے تھے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دور صدارت میں برازیلی تعمیراتی کمپنی Odebrecht کو ملک میں بڑے پیمانے پر سرکاری کاموں کے ٹھیکوں کے عوض اس سے رشوت وصول کی تھی۔

ا ب ا / ع ب (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔