1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلے جینیاتی تبدیلیاں اور پھر کلوننگ، انتہا کیا ہو گی؟

25 جنوری 2019

چینی سائنسدانوں نے ایک بندر میں نیند کی بیماری کو دور کرنے کے لیے اس میں جینیاتی تبدیلیاں کیں اور پھر اسی بندر کی کلوننگ کرتے ہوئے پانچ نئے بندر پیدا کیے ہیں۔ ایسا انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3CAcw
China geklonte Affen
تصویر: picture alliance/AP Photo/Jin Liwang

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بائیو میڈیکل مقاصد کے لیے ایک جینیاتی تبدیل شدہ بندر کے ایک ساتھ کئی کلون تیار کیے گئے ہیں۔ سائنس کی دنیا میں جینیاتی ایڈیٹنگ کے طاقتور ہتھیار سے زندگی کا ’بلیو پرنٹ‘ دوبارہ لکھا جا سکتا ہے۔

چینی سائنسدانوں کے مطابق اس تحقیق کو وسعت دیتے ہوئے مستقبل میں انسانوں پر بھی آزمایا جا سکتا ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق مزید تحقیق سے انسانوں میں نیند نہ آنے کی بیماری کا علاج ممکن  ہو سکے گا۔ یہ بیماری نفسیاتی دباؤ اور تحلل عصبی کی وجہ سے ہوتی ہے۔

دوسری جانب اس پیش رفت کے بعد طبی تحقیق میں ’اخلاقی حدود‘ کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوگا۔ چین کے سرکاری میڈیا پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’یہ تحقیق بین الاقوامی اخلاقی معیارات کے مطابق تھی اور جانوروں پر کی گئی ہے۔‘‘ چین کے اس اعلان کے بعد ان عالمی افواہوں کی بھی تقویت ملی ہے، جن کے مطابق چین بچوں میں جینیاتی تبدیلیاں کرنے کا خفیہ پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔ تازہ تحقیق کے حوالے سے دو آرٹیکل ’نیشنل سائنس ریویو جرنل‘ میں شائع ہوئے ہیں۔ ان آرٹیکلز میں ایسے تجربات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں، جو شنگھائی میں واقع چینی اکیڈمی آف سائنس میں کیے گئے تھے۔

China Schanghai geklonte Affen
تصویر: Getty Images/AFP

 گزشتہ برس نومبر میں بھی ایک چینی سائنسدان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے دنیا میں پہلی مرتبہ جینیاتی طور پر ترمیم شدہ بچوں کی پیدائش میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس وقت نیوز ایجنسی اے پی کی ایک خصوصی رپورٹ  میں بتایا گیا تھا کہ چین میں ایسی جڑواں بہنوں کی پیدائش ہوئی ہے، جن کے ڈی این اے میں تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

اس طرح کی جین ایڈیٹنگ پر امریکا اور کئی دیگر مغربی ممالک میں پابندی عائد ہے کیوں کہ ڈی این اے میں کی جانے والی تبدیلیاں اگلی نسل تک منتقل ہو سکتی ہیں اور  ان تبدیلیوں سے دیگر جینز کو بھی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ متعدد سائنسدانوں کے خیال میں یہ ٹیکنالوجی ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اسے انسانوں پر آزمانا انتہائی غیر محفوظ ہے۔

China Schanghai geklonte Affen
تصویر: Reuters/China Daily

گزشتہ برس برطانوی طبی ماہرین پر مشتمل پینل برائے اخلاقیات نے کہا تھا کہ مستقبل میں پیدائش سے پہلے ہی بچوں کے جینز میں تبدیلیاں کرنے اور انہیں بہتر بنانے کی اجازت فراہم کی جا سکتی ہے۔ بائیو اخلاقیات پر کام کرنے والی برطانیہ کی نفیلڈ کونسل نے کہا تھا کہ اگر کسی شخص کی فلاح کا معاملہ ہو اور اسے معاشرتی سطح پر ناہمواری، تقسیم اور امتیازی سلوک سے بچانا مقصود ہو تو ایسے کسی بچے کی پیدائش سے پہلے ہی اس کے جینز میں تبدیلیاں لانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

 تاہم اس پینل کی سربراہی کرنے والی اور برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی میں قانون اور اخلاقیات کی پروفیسر کیرن یونگ کا زور دیتے ہوئے یہ کہنا بھی تھا، ’’جینز میں تبدیلیاں کرتے ہوئے مستقبل کی نسل کے کردار پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘‘

ناقدین کا خبردار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس طرح کا کوئی بھی اجازت نامہ فراہم کرنے کا عمل ایک برتر انسان پیدا کرنے کے راستے ہموار کر سکتا ہے۔ قبل از پیدائش، جس بھی بچے کے جینز میں تبدیلی لائی جائے گی، اس کو باقی ماندہ انسانوں پر برتری حاصل ہو جائے گی۔