1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولیس نے ’خطرناک حد تک چمکیلی‘ پورشے ضبط کر لی

12 اپریل 2019

جرمن پولیس نے ایک ایسی بہت مہنگی لیکن انتہائی چمکیلی پورشے سپورٹس کار سڑک سے اتار کر اپنے قبضے میں لے لی ہے، جو کسی بھی روڈ پر ’دوسرے ڈرائیوروں کے لیے خطرناک‘ تھی کیونکہ وہ دیکھنے والوں کی آنکھیں چندھیا سکتی تھی۔

https://p.dw.com/p/3GhcG
تصویر: youtube/SpeedingToday

جرمن دارالحکومت برلن سے ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ شمالی جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں پیش آیا، جو جرمنی کا ایک وفاقی صوبہ بھی ہے۔

ہیمبرگ سے شائع ہونے والے اخبار ’مورگن پوسٹ‘ نے اپنی جمعہ بارہ اپریل کی اشاعت میں لکھا کہ یہ کار پورشے کی پانامیرا ماڈل کی ایک ایسی کار تھی، جس پر انتہائی چمکیلا ’کروم کور‘ لگا ہوا تھا۔

یہ بہت مہنگی جرمن ساختہ سپورٹس کار دیکھنے میں اتنی چمکدار تھی کہ لگتا تھا جیسے وہ لشکارے مارتے سونے کی بنی ہوئی ہو۔ اخبار ’مورگن پوسٹ‘ کے مطابق اس گاڑی کے ڈرائیور کو پہلی بار پولیس نے گزشتہ ہفتے روک کر بتایا تھا کہ اس کی گاڑی سڑک پر ڈرائیونگ کرنے والے دیگر تمام ڈرائیوروں کے لیے اس لیے ایک بڑا خطرہ تھی کہ خاص طور پر سامنے سے آنے والے کسی بھی ڈرائیور کی آنکھیں اس دیکھ کر چندھیا سکتی تھیں۔ اس صورت میں کوئی بڑا حادثہ بھی خارج از امکان نہیں تھا۔ پولیس نے گاڑی کے مالک سے کہا تھا کہ وہ اس پر لگا ’گولڈن کروم کور‘ اتروا کر اس کی رجسٹریشن بھی دوبارہ کرائے۔

گاڑی کے مالک نے پولیس کی اس تنبیہ کی بظاہر کوئی پرواہ نہیں کی تھی۔ پھر پرسوں بدھ دس اپریل کو جب ہیمبرگ شہر ہی کی ایک سڑک پر پولیس نے اس گاڑی کو ایک بار پھر روکا، تو دوسروں کی سلامتی سے متعلق اس ڈرائیور کی ’مجرمانہ لاپرواہی‘ بھی ثابت ہو گئی۔

پولیس نے ڈرائیور سے گاڑی کی چابی اور رجسٹریشن کاغذات لیے، نمبر پلیٹ بھی اتار دی اور پھر ایک ٹرک کے ذریعے اس گولڈن پورشے کو ایک گیراج میں بھجوا دیا۔ ڈرائیور کو اچھا خاصا جرمانہ بھی کیا گیا، جس کی مالیت نہیں بتائی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ گاڑی اب اسی وقت دوبارہ سڑک پر آ سکے گی، جب اس پر لگا ’گولڈن کروم کور‘ اتر جائے گا۔ گیراج کا بل بھی ڈرائیور کو ہی دینا ہو گا۔

اخبار ’مورگن پوسٹ‘ کے مطابق گزشتہ ہفتے ہیمبرگ میں پولیس نے اس ڈرائیور کے ساتھ اسی قسم کی ایک انتہائی چمکدار اور اطالوی ساختہ لامبورگینی کار چلانے والے ڈرائیور کو بھی روکا تھا۔ اسی بھی کہا گیا تھا کہ وہ اپنی گاڑی پر لگا ’گولڈن کروم کور‘ اتروا دے۔ لامبورگینی کے ڈرائیور نے تو پولیس کے مشورے پر عمل کیا لیکن پورشے کے مالک نے لاپرواہی کی، جس کا اب اس نے نتیجہ بھی بھگت لیا ہے۔

پولیس نے جو پورشے پانامیرا اب ’آف روڈ‘ کر دی یے، وہ 500 ہارس پاور کے انجن والی ایک ایسی لگژری سپورٹس کار ہے، جس کی جرمنی میں قیمت کم از کم بھی 157.000 یورو (180.000 ہزار امریکی ڈالر کے برابر) ہوتی ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ قیمت ڈھائی کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔

م م / ش ح / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں