پرواز کے لیے ایک انسان کی قربانی
وٹو لیلین تھال گلائیڈر کو کامیابی سے اڑانے والا پہلا انسان تھا۔ 2016ء میں اُس کی پرواز کے 125 سال منائے جائیں گے تاہم شمال مشرقی جرمنی کے اوٹو لیلین تھال میوزیم نے ابھی سے اُس کی تاریخی تصاویر انٹرنیٹ پر شائع کر دی ہیں۔
آسمان کی سیر
جرمنی کے چھوٹے سے شمال مشرقی قصبے انکلام میں اوٹو لیلین تھال سے موسوم ایک عجائب گھر نے انسانی پرواز پر پہلے پہل کام کرنے والے اس سائنسدان کی تصاویر، ڈرائنگز اور خطوط کو ڈیجیٹل شکل میں انٹرنیٹ پر پیش کر دیا ہے۔ یہاں 1894ء میں تیار کیے جانے والے اپنی نوعیت کے اِس پہلے گلائیڈر کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، جسے کاروباری بنیاوں پر فروخت بھی کیا گیا۔
زندگی بھر کا منصوبہ
اوٹو لیلین تھال کی پیدائش 1848ء میں بحیرہٴ بالٹک کے قریب انکلام نامی قصبے میں ہوئی۔ لڑکپن کے دور میں وہ اپنے بھائی گُستاف کے ساتھ مل کر اڑنے والی چیزوں پر تجربات کرتے رہے۔ اُنہیں اپنے مشن میں کامیابی بہت تاخیر سے کہیں 1891ء میں جا کر حاصل ہوئی۔
انسانی پرواز
برسوں کی فرضی مشقوں کے بعد 1891ء میں اوٹو لیلین تھال پرواز کرنے والے پہلے انسان بنے، جنہوں نے اڑتے ہوئے محض پچیس میٹر (بیاسی فٹ) کا فاصلہ طے کیا۔ بظاہر یہ ایک چھوٹی سی کامیابی تھی لیکن درحقیقت یہ ایک بہت بڑی چھلانگ تھی۔ اس کے صرف ستّر برس بعد پہلا انسان ایک بالکل مختلف طرح کی گاڑی میں بیٹھ کر زمین سے بھی باہر خلا کے سفر پر گیا۔
بار بار کی مشق
اوٹو لیلین تھال نے اپنے کیریئر کے دوران ایک ہزار سے زیادہ مرتبہ پروازیں کیں۔ وہ اپنے گلائیڈر کو تسلسل کے ساتھ بہتر بناتے رہے اور اُن کی یہ محنت بالآخر رنگ لے آئی۔ اپنی طویل ترین پرواز میں اُنہوں نے پورے اَسّی میٹر کا فاصلہ اُڑتے ہوئے طے کیا۔
اپنی تیار کردہ پہاڑی
اوٹو لیلین تھال کے لیے ایک بڑا چیلنج اپنی پروازوں کے لیے کوئی مناسب پہاڑی تلاش کرنا تھا۔ بالآخر 1894ء انہوں نے اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اینٹوں کے ایک پرانے بھٹے کی جگہ پر خود ایک پہاڑی تیار کی۔ جرمن دارالحکومت برلن میں یہ پہاڑی آج بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
گلائیڈرز برائے فروخت
1894ء کے بعد کوئی بھی پانچ سو مارک (آج کل کے حساب سے تقریباً سات ہزار ڈالر) کے عوض لیلین تھال کی طرح کا گلائیڈر خرید بھی سکتا تھا۔ لیلین تھال یہ گلائیڈر برلن میں اپنے کارخانے میں تیار کرتا تھا۔ اُس کے نو معلوم خریداروں میں جارج فرانسس فٹس جیرالڈ نام کا ایک آئرش معالج بھی تھا، جس نے اپنے لیے ایک گلائیڈر مارچ 1895ء میں خریدا۔
ڈبل ڈیکر گلائیڈر
اپنے معمول کے گلائیڈرز کے ساتھ ساتھ اوٹو لیلین تھال نے دو ڈبل ڈیکر ماڈل بھی تیار کیے، جن میں پروں کی لمبائی 5.5 میٹر سے لے کر سات میٹر تک تھی اور جن کی سطح کا مجموعی رقبہ پچیس مربع میٹر (270 مربع فٹ) کے برابر تھا۔
سائنس کے لیے جان کی قربانی
9 اگست 1896ء کو لیلین تھال کا گلائیڈر شمال مشرقی جرمنی میں گولن برگ ماؤنٹین نامی پہاڑ سے پرواز کرنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا جبکہ خود لیلین تھال اس سے اگلے روز برلن کے یونیورسٹی کلینک میں اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ انہوں نے انسانی پرواز پر جو کام شروع کیا، اُسے بعد کے برسوں میں دیگر سائنسدانوں نے کامیابی سے آگے بڑھایا۔ لیلین تھال کی قبر کے کتبے پر لکھا ہے:’’قربانیاں دی جانی چاہییں۔‘‘