پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست
29 اگست 2010کسی بھی کھلاڑی نے جم کرکھیلنے کے بجائے پویلین ہی میں بیٹھنے کو ترجیح دی۔ پہلی اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان نے 12 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بالر محمد عامر رہے، جنہوں نے 84 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
فالو آن کے بعد جب پاکستانی ٹیم دوبارہ گراؤنڈ میں اتری تو حال پہلی اننگز جیسا ہی تھا اور وکٹیں اس طرح گرنا شروع ہوئیں کہ جیسا کبھی ان کھلاڑیوں نے کرکٹ کھیلی ہی نہ ہو۔ پہلی وکٹ سات رنز پرگری تو دوسری نو پراور پھر وکٹیں مسلسل گرنا شروع ہوگئیں اوراس قلیل وقت میں ہی پاکستان کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے تین سو اکتیس رنز درکار تھے اوراس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔ تاہم انگلش بولروں نے پاکستانی کھلاڑیوں پردباؤ برقرار رکھا۔ 63 کے مجموعی سکور پراظہرعلی بارہ رنز کے انفرادی سکور پرگریم سوان کا دوسرا شکار بن گئے۔ چھٹی وکٹ چونسٹھ رنز پر کامران اکمل کی گری اور65 پرمحمد عامر پویلین پہنچ چکے تھے۔ 73 کے مجموعی سکور پرآؤٹ ہونے والے کھلاڑی وہاب ریاض تھے اور سعید اجمل پاکستان کی جانب سے گرنے والی نویں وکٹ تھی جو رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بیٹسمن کامران اکمل رہے، جنہوں نے 79 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان نے62 رنز دے کر 5 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس طرح انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے چار میں سے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی اور ایک ٹیسٹ میچ پاکستان جیت سکا۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت : عصمت جبیں