1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سپلائی روٹ بحال کر دے گا، امریکی جنرل پر امید

7 مارچ 2012

امریکی جنرل جیمز میٹس نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے سپلائی روٹ بحال کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مذاکرات کے لیے وہ آئندہ دس دنوں کےاندر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

https://p.dw.com/p/14G93
تصویر: AP

مشرق وسطیٰ اور افغانستان میں امریکی افواج کے انتظامی امور کے نگران جنرل جیمز میٹس نے کہا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو افغانستان میں تعینات اپنے افواج کے لیے سپلائی کے لیے فضائی راستے کے علاوہ افغانستان کی شمالی سرحدوں کو استعمال میں لا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے لیے پاکستانی زمینی راستوں کی ضرورت پڑے گی۔

افغانستان میں تعینات قریب نوے ہزار امریکی فوجیوں میں سے بائیس ہزار فوجی ستمبر تک واپس بلوا لیے جانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس نے کہا، ’ان افواج کے مؤثر انخلاء کے لیے پاکستان کے زمینی راستے درکار ہوں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مذاکرات کے لیے وہ آئندہ دس دنوں میں پاکستان جائیں گے۔

گزشتہ برس چھبیس نومبر کو پاکستان کی ایک حفاطتی چوکی پر امریکی فضائیہ کے حملے کے نتیجے میں چوبیس پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے فوری بعد پاکستانی حکومت نے افغانستان کے لیے سپلائی روٹ بند کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہو گئی تھی، جو ابھی تک قائم ہے۔

Verteidigungsminister Afghanistan in Vilnius
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس، بائیں طرفتصویر: AP

جنرل جیمز میٹس نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو منگل کو بتایا کہ وہ پر امید ہیں کہ پاکستان افغانستان کے لیے سپلائی روٹ بحال کر دے گا۔ امریکی حکام کے بقول پاک امریکا باہمی تعلقات کے ابتدائی جائزے کے بعد اسلام آباد حکومت جلد ہی افغانستان میں نیٹو کی فوجی سپلائی بحال کر دے گی۔ جیمز میٹس کے بقول جب وہ پاکستان کو دورہ کریں گے تب تک یہ عمل مکمل ہو چکا ہو گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سپلائی روٹ کی بحالی کے ساتھ ہی حکومت پاکستان زمینی راستوں سے افغانستان پہنچائے جانے والے سامان پر ٹیکس عائد کر سکتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان امریکا کا ایک اہم اتحادی ملک تصور کیا جاتا ہے تاہم ریمنڈ ڈیوس کی پاکستان میں گرفتاری، ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے ایک خفیہ آپریشن کے نتیجے میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت اور بعد ازاں سلالہ چیک پوسٹ پر امریکی فضائیہ کے حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین اعتماد کی واضح کمی پیدا ہوئی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شامل شمس