پاکستان ایئرفورس کے دو جہاز ٹکرا گئے، چار پائلٹ ہلاک
17 مئی 2012خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حادثے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق رشکئی کے علاقے میں ٹکرانے کے بعد دو سیٹوں والا ایک مشاق طیارہ ایک گھر پر جا گرا، جس سے ایک لڑکی اور ایک عمر رسیدہ شخص زخمی بھی ہوا، جبکہ دوسرا طیارہ ایک کھیت میں گرا۔
ضلعی پولیس افسر محمد حسین نے اے ایف پی کو بتایا: ’’ پاکستان ایئرفورس کے دو تربیتی جہاز فضا میں ٹکرا گئے۔ چار پائلٹس ہلاک ہوئے۔ ان میں سے دو زیر تربیت پائلٹ تھے اور انسٹرکٹرز۔‘‘
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ایک مقامی پولیس افسر اسحاق خان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک جہاز کا ملبہ ایک کمپاؤنڈ پر گِرا جس سے نو افراد زخمی ہوئے۔
پاکستان ایئرفورس کے ونگ کمانڈر مشکور حسین نے اس حادثے اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی پی اے کو بتایا کہ فوری طور پر دونوں جہازوں کے ٹکرانے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
گزشتہ ہفتے پاکستان ایئرفورس کا ایک جیٹ جہاز صوبہ سندھ کے علاقے سومیانی میں گِر کر تباہ ہو گیا تھا، تاہم اس کا پائلٹ جہاز سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ گزشتہ برس دسمبر میں بلوچستان میں ایک تربیتی جہاز گر کر تباہ ہوا جس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستان ایئرفورس کے پاس اس وقت چینی F-7PG اور A-5، امریکی F-16 اور فرانسیسی ساختہ میراج طیاروں پر مشتمل فلیِٹ موجود ہے۔ حال ہی میں پاکستان اور چین کے باہمی تعاون سے تیار ہونے والے JF-17 تھنڈر جیٹ طیارے بھی پاکستان ایئرفورس میں شامل کیے گئے ہیں۔
aba/aa (dpa, AFP)