1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
فطرت اور ماحولشمالی امریکہ

اربوں انسان حصول آب کی جدوجہد پر مجبور، اقوام متحدہ کی تنبیہ

6 اکتوبر 2021

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ 2050ء میں دنیا کے پانچ ارب سے زائد انسان پانی کے حصول کے لیے باقاعدہ جدوجہد پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ اس ادارے نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کے تدارک کے لیے ابھی سے کوششیں کریں۔

https://p.dw.com/p/41LNN
تصویر: Delil Souleiman/AFP /Getty Images

اقوام متحدہ کی طرف سے یہ مطالبہ کرہ ارض پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے موضوع پر اس عالمی ادارے کی COP26 نامی اس سربراہی کانفرنس سے پہلے کیا گیا ہے، جو برطانیہ کے شہر گلاسگو میں 31 اکتوبر کو شروع ہو کر 12 نومبر تک جاری رہے گی۔

ایرانی افغان پانی کا تنازعہ: طالبان و ایران کے تعلقات میں اہم

اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹیورولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کے فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے سربراہ پیٹیری تالاس نے جنیوا میں بتایا کہ عالمی آبادی کے لیے پانی تک رسائی پہلے ہی ایک مسئلہ ہے، جو بتدریج شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

اربوں انسان سالانہ ایک ماہ پانی سے محروم

عالمی موسمیاتی ادارے کے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں قائم ہیڈ کوارٹرز میں ڈبلیو ایم او کے سربراہ نے کہا کہ 2018ء میں دنیا میں 3.6 ارب انسان ایسے تھے، جو ہر سال کم از کم ایک ماہ تک پانی تک مناسب اور کافی رسائی سے محروم رہتے تھے۔

آپ دریا کیسے صاف کر سکتے ہیں؟

پیٹیری تالاس نے عالمی موسمیاتی ادارے کی سال 2021ء کے لیے پانی سے متعلق نئی رپورٹ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں کے دوران زمین پر، اس کی سطح سے کچھ نیچے، بہت زیادہ گہرائی میں اور برف یا گلیشیئرز کی صورت میں، پانی کی سطح میں ایک سینٹی میٹر سالانہ کی شرح سے کمی ہوئی ہے۔

سب سے زیادہ نقصان انٹارکٹکا اور گرین لینڈ میں ریکارڈ کیا گیا۔ لیکن ساتھ ہی کرہ ارض کے گنجان آبادی والے زیریں یا نشیبی علاقوں میں پانی کے ان ذخائر میں بھی کمی ہوئی، جن پر انسانی آبادی روایتی طور پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے۔

ایشیا میں صاف پانی صرف امیر طبقے کے لیے

زمین پر صرف 0.5 فیصد پانی قابل استعمال

اقوام متحدہ کے اس ادارے کے مطابق اس امر کا شدید خدشہ ہے کہ زمین پر انسانی آبادی میں سے پانچ ارب سے زائد انسانوں تک کو سن 2050ء تک پانی کے حصول کے لیے مجبوراﹰ ایسی جدوجہد کرنا پڑ سکتی ہے، جس سے فرار شاید ممکن ہی نہ ہو۔

پانی زندگی ہے، اس کی قدر کیجیے

یہ صورت حال اس لیے بھی تشویش ناک ہے کہ کرہ ارض پر جتنا بھی پانی ہے، اس میں سے صرف 0.5 فیصد پانی ہی ایسا ہے، جسے انسانی آبادی استعمال کر سکتی ہے اور جسے پینے کے قابل تازہ پانی کہا جاتا ہے۔

م م / ک م (اے ایف پی، ڈی پی اے)