1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس: شنگھائی ماسٹرز اور جاپان اوپن ٹورنامنٹ

17 اکتوبر 2009

ٹینس کے میدان میں اس وِیک اَینڈ پر دو اہم ٹورنامنٹ چین اور جاپان میں ہو رہے ہیں۔ چینی شہر شنگھائی میں ماسٹرز ٹورنامنٹ فائنل کے مرحلے تک آ پہنچا ہے تو اوساکا میں جاپان اوپن ٹورنامنٹ بھی اسی مرحلے میں ہے۔

https://p.dw.com/p/K9AH
تصویر: AP

شنگھائی میں تین اعشاریہ دو چار ملین ڈالر مالیت کے انعامات والے اے ٹی پی ماسٹرز ٹورنامنٹ کا فائنل اسپین کے ٹاپ سِیڈ رافائیل ندال اور روسی کھلاڑی نکولائی داوی دَینکو کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر جا رہے ندال سیمی فائنل میں اُس وقت فاتح قرار دئے گئے، جب اُن کے ہم وطن حریف فیلیسیانو لوپیز مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔ روسی کھلاڑی داوی دَینکو نے سیمی فائنل میں سیرب کھلاڑی نوواک جوکووِچ کو چار چھ، چھ چار اور سات چھ سے ہرایا۔

تیئس سالہ ندال اور اُن سے عمر میں پانچ سال بڑے داوی دَینکو کے درمیان اب تک چھ مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں سے چار ندال نے جیتے ہیں جبکہ دو میں داوی دَینکو کو فتح نصیب ہوئی ہے۔ ندال کو اِس سال زخمی ہونے کے باعث دو مرتبہ مجبوراً وقفہ کرنا پڑا اور یوں وہ مئی میں میڈرڈ میں ایک ٹینس ٹورنامنٹ میں فتح کے بعد سے کسی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی کے منتظر چلے آ رہے ہیں۔

Tennisspielerin Sania Mirza
سیمی فائنل میں ثانیہ مرزا کو شکستتصویر: AP

اُدھر اوساکا میں کھیلے جانے والے دو لاکھ بیس ہزار ڈالر کے انعامات والے جاپان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگل مقابلوں میں ہفتے کے روز آسٹریلیا کی تھرڈ سیڈ سمنتھا سٹوسر ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو تین سَیٹ کے ایک مقابلے میں چھ صفر، چار چھ اور چھ چار سے شکست دے کر اِس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔

پچیس سالہ سٹوسر عالمی درجہ بندی میں پندرہویں نمبر پر ہیں جبکہ ووزنیاکی چھٹے نمبر پر۔ اِس ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سٹوسر کا مقابلہ ہو گا، اٹلی کی فرانچیسکا شیاوونے سے، جس نے ہفتے کے روز ہی دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کی ثانیہ مرزا کو چھ دو اور چھ ایک سے ہرا دیا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل