ٹوڈ ایکن کا بیان، ریپبلکن پارٹی بھی ناراض
21 اگست 2012ایکن کی جانب سے اتوار کے روز ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا گیا تھا، ’’خواتین میں بیالوجیکل طور پر دفاعی صلاحیت موجود ہوتی ہے، جس کے ذریعے وہ کسی غیر قانونی جنسی تعلق کی صورت میں حاملہ ہونے سے بچ سکتی ہیں۔‘‘
ناقدین کا کہنا ہے کہ ایکن کے اس بیان کا مطلب یہ ہے کہ امریکا میں خواتین کو قانونی ’ایبورشن‘ کی ضرورت نہیں ہے۔ اس بیان کی وجہ سے ریپبلکن صدارتی امیدوار مِٹ رومنی کی انتخابی مہم کی بجائے امریکا میں موضوع گفتگو ٹوڈ ایکن کا یہ بیان بن گیا ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اگلے ہفتے ریپبلکن جماعت صدارتی امیدوار کے طور پر باقاعدہ طور پر مِٹ رومنی کے نام کا اعلان کرنے والی ہے۔
اس بیان کے بعد ریپبلکن جماعت نے سینٹ کی نشست کے لیے انتخابی مہم چلانے والے ٹوڈ ایکن کے لیے نقد سرمائے کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سینیٹ کی نشست کے لیے مقابلے میں ان کے حریف ڈیموکریٹک امیدوار مک کاسکیل تھے اور یہ سمجھا جا رہا تھا کہ ایکن بآسانی یہ نشست جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
اس بیان پر امریکی صدر باراک اوباما نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان ’تکلیف دہ‘ ہے۔ اس بیان کے بعد ریپبلکن صدارتی مہم میں ’ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے وعدوں‘ کی بجائے اب موضوع گفتگو امریکا میں سماجی مسائل کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔ اب تک مٹ رومنی انتخابی مہم میں معاشی اصلاحات کے موضوع مرکزی نقطہ رہا ہے۔
100 رکنی امریکی سینیٹ میں برتری کے لیے ریپبلکن جماعت کو چار نشستوں کی ضرورت ہے جسے ٹوڈ ایکن کے اس بیان کے بعد حاصل کرنا اب کافی مشکل ہو گیا ہے۔
at /ai (Reuters, AFP)