1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتعالمی

ٹرمپ کے ٹیرفس کے نئے ہدف: ادویات، فرنیچر اور ٹرک

جاوید اختر اے پی، روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے کے ساتھ
26 ستمبر 2025

ایشیائی اسٹاک مارکیٹس اس وقت گر گئیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف کی ایک نئی لہر کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات، درآمد شدہ کچن کیبنٹس اور صوفوں پر ٹیکس لگانا ’’قومی سلامتی اور دیگر وجوہات‘‘ کے لیے ضروری ہے۔

https://p.dw.com/p/515n2
مشرقی چین کے صوبہ انہوئی کے فوئینگ شہرمیں تیار کی گئی دوائیوں کی کیپسولز
ٹرمپ نے کہا کہ اگر کسی کمپنی نے پہلے ہی ملک میں مینوفیکچرنگ پلانٹ تعمیر کرنا شروع نہیں کیا ہے تو تمام برانڈڈ یا پیٹنٹ شدہ دوا سازی کی مصنوعات پر، جو امریکہ میں درآمد کی جاتی ہیں، 100 فیصد نیا ٹیکس عائد کیا جائے گاتصویر: An Xin/dpa/picture alliance

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ درآمد شدہ مصنوعات کی ایک وسیع رینج پر نئے تعزیری ٹیرفس یکم اکتوبر سے نافذ ہوں گے۔

ان میں برانڈیڈ ادویات پر 100 فیصد ٹیرف، کچن کیبنٹس اور باتھ روم وینٹیز پر 50 فیصد، اپ ہولسٹری فرنیچر پر 30 فیصد اور ہیوی ڈیوٹی ٹرکوں پر 25 فیصد ٹیرفس شامل ہیں۔

اعلانات میں وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا یہ نئے ٹیرفس دیگر قومی ٹیرف کے علاوہ ہوں گے یا پھر ایسے ممالک اور خطے، جیسے یورپی یونین اور جاپان، جو تجارتی معاہدوں کے تحت ہیں، انہیں استثنیٰ دیا جائے گا۔ امریکہ جرمن دواسازی کی صنعت کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے اگست میں وعدہ کیا تھا کہ وہ نئے فرنیچر ٹیرف لگائیں گےتصویر: Hu Yousong/Xinhua News Agency/picture alliance

ٹرمپ نے نئے ٹیرفس کے بارے میں کیا کہا؟

ٹرمپ نے کہا کہ تمام برانڈڈ یا پیٹنٹ شدہ دواسازی کی مصنوعات جو امریکہ میں درآمد کی جاتی ہیں، ان پر 100 فیصد نیا ٹیرف لاگو ہو گا، الا یہ کہ کمپنی نے ملک میں مینوفیکچرنگ پلانٹ بنانے کا عمل شروع کر دیا ہو۔

ٹرمپ نے'ٹروتھ سوشل‘ پر فرنیچر پر ٹیرف کے بارے میں لکھا کہ اس کی وجہ دیگر ممالک کی طرف سے ان مصنوعات کا بڑے پیمانے پر امریکہ میں ’’ایک طرح کا سیلاب‘‘ آ گیا ہے اور کہا کہ کچن کیبنٹس اور صوفوں پر درآمدی ٹیکس ’’قومی سلامتی اور دیگر وجوہات‘‘ کے لیے ضروری ہیں۔

اگست میں صدر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ نئے فرنیچر ٹیرف لگائیں گے۔ انہوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس سے نارتھ کیرولائنا، ساؤتھ کیرولائنا اور مشی گن میں ''فرنیچر کا کاروبار واپس آئے گا‘‘۔

ٹرمپ نے زور دیا کہ ہیوی ڈیوٹی ٹرک پر نئے ٹیرف امریکی مینوفیکچررز کو''غیر منصفانہ بیرونی مقابلے‘‘سے بچانے کے لیے ہیں، اور کہا کہ اس سے بہت سی امریکی کمپنیوں کو فائدہ ہو گا۔

امریکی چیمبر آف کامرس نے حکام سے اپیل کی تھی کہ وہ نئے ٹرک پر ٹیرف نہ لگائیں۔ اس کا کہنا تھا کہ ٹرک درآمد کے پانچ بڑے ذرائع میکسیکو، کینیڈا، جاپان، جرمنی اور فن لینڈ ہیں،''جو سب امریکہ کے اتحادی یا قریبی شراکت دار ہیں اور امریکی قومی سلامتی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔‘‘

ہانگ کانگ کا ہانگ سینگ انڈکس
ٹرمپ کے اعلان کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں گراوٹ کا رجحان دیکھا گیاتصویر: Vernon Yuen/NurPhoto/picture alliance

اعلان کے بعد ایشیائی حصص میں گراوٹ

ٹرمپ کے نئے ٹیرفس کے اعلان کے بعد ایشیائی دواسازی کمپنیوں کے حصص گر گئے، جاپان کا ٹاپکس فارماسیوٹیکل انڈیکس 1 فیصد کم پر بند ہوا۔ اسی دوران ہانگ کانگ میں درج انوویٹو ڈرگ انڈیکس 2.8 فیصد گر گیا۔

جنوبی کوریا کی ایس کے بایوفارماسیوٹیکلز کے حصص 2.7 فیصد گر گئے، جبکہ آسٹریلیا کی سی ایس ایل بایوٹیک کمپنی دن کا اختتام 1.6 فیصد کمی پر کیا، حالانکہ سیشن کے اوائل میں وہ 3 فیصد سے زیادہ نیچے چلی گئی تھی۔ چینی فرنیچر مینوفیکچررز کو ٹریک کرنے والا انڈیکس بھی 1.1 فیصد گر گیا۔

ٹرمپ نے ٹیرف کو تجارتی معاہدوں کو دوبارہ طے کرنے، رعایتیں لینے اور دیگر ممالک پر سیاسی دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرتے ہوئے، خارجہ پالیسی کا ایک مرکزی ہتھیار بنا دیا ہے۔ اس سے قبل، انہوں نے اسٹیل، ایلومینیم، لائٹ ڈیوٹی آٹوموبائلز اور پرزہ جات، اور کاپر پر قومی سلامتی کے تحت ٹیرف لگائے تھے۔

تاہم، ٹرمپ انتظامیہ کے جاپان، یورپی یونین اور برطانیہ کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں ایسی شقیں شامل ہیں جو مخصوص مصنوعات، جیسے گاڑیاں، سیمی کنڈکٹرز اور دواسازی پر ٹیرف کی حد مقرر کرتی ہیں۔ لہٰذا، یہ نئے اور بلند تر قومی سلامتی والے ٹیرف شرحوں کو ان حدوں سے اوپر بڑھانے کا امکان نہیں رکھتے جن پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔