1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کی توقعات سے بھارتی حکام پریشان

جاوید اختر، نئی دہلی
21 فروری 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ احمد آباد میں ان کے روڈ شو میں ایک کروڑ لوگ موجود ہوں گے۔ احمد آباد میں ٹرمپ کے دورے کے موقع پر خصوصی سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Y7wC
Donald Trump, Narendra Modi USA Indien
تصویر: picture- alliance/AP Photo/E. Vucci

امریکی صدر 24 فروری کو بھارت کے دو روزہ دورے پر آرہے ہیں۔ وہ سب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد پہنچیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کولوراڈو اسپرنگس میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”وزیر اعظم نریندر مودی نے بتایا ہے کہ ہمارے پاس آپ کا خیرمقدم کرنے کے لیے ایک کروڑ لوگ ہوں گے۔"

ٹرمپ نے اس سے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا، ”بھارت ہمارے ساتھ تجارتی محاذ پر اچھا سلوک نہیں کر رہا حالانکہ میں وزیر اعظم مودی کو بہت پسند کرتا ہوں اور انہوں نے مجھ سے کہا ہے کہ ہوائی اڈہ اور پروگرام کے مقام کے درمیان ستر لاکھ لوگ موجود رہیں گے۔"

صدر ٹرمپ کا نیا دعوی ایسے وقت آیا ہے جب احمد آباد میونسپل کارپوریشن نے امریکی صدر کے روڈ شو میں ایک لاکھ تک لوگوں شرکت کرنے کی امید ظاہر کی ہے، جو کہ ٹرمپ کے دعووں کے مقابلے بہت کم ہے۔

24 فروری کو احمد آباد ایرپورٹ پر اترنے کے بعد ٹرمپ اور مودی ہوائی اڈے سے موٹیرا اسٹیڈیم تک تقریبا ً22 کلومیٹر روڈ شوکریں گے اور دنیا کے اس سب سے بڑے نو تعمیر شدہ کرکٹ اسٹیڈیم میں صدر ٹرمپ 'نمستے ٹرمپ‘ پروگرام سے خطاب کریں گے۔ 

Frankreich G7 Donald Trump
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ احمد آباد میں ان کے روڈ شو میں ایک کروڑ لوگ موجود ہوں گےتصویر: Getty Images/AFP/N. Kamm

یہ گذشتہ برس امریکہ کے ہیوسٹن میں وزیر اعظم مودی کے 'ہاوڈی مودی‘ پروگرام کا جواب ہے۔ ہیوسٹن میں صدر ٹرمپ بھی شامل ہوئے تھے۔ 22 کلومیٹر کے پورے راستے پر 28 اسٹیج تیار کیے گئے ہیں، ان میں سے ہر ایک پر بھارت کے مختلف حصوں کی ثقافتی جھلکیاں پیش کی جائیں گی۔

امریکی صدر کے بیانات اور حقیقی صورت حال کی وجہ سے بھارتی حکام کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ انہیں یہ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ ٹرمپ کے خیرمقدم کے لیے ایک کروڑ لوگوں کا انتظام کیسے کیا جائے۔ خیال رہے کہ احمد آباد کی مجموعی آبادی ہی صرف ستر لاکھ کے قریب ہے۔

 صدر ٹرمپ اور ان کے قافلے کی سیکورٹی بھی بھارتی حکام کے لیے سخت پریشانیوں کا سبب ہے۔ بظاہر امریکی صدر اور اُن کے وفد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ احمد آباد کی فضائی حدود کئی گھنٹوں تک ہر طرح کی پروازوں کے لیے بند رہیں گے۔ تمام عمارتوں پر امریکی اسنائپر اور نیشنل سیکورٹی گارڈ کے کمانڈوز تعینات رہیں گے۔ پورے شہر کی ہیلی کاپٹروں اور ڈرون کے ذریعہ نگرانی بھی کی جائے گی۔

امریکا کی طرف سے بھارت کی خصوصی تجارتی حیثیت ختم کرنے کا عندیہ