1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کابینہ میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر نیلسن بھی مستعفی

8 اپریل 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی خاتون وزیر کِرسٹجن نیلسن اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی ہیں۔ ٹرمپ نے ملکی سرحدوں کی حفاظت کی صورت حال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان سے استعفیٰ طلب کر لیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3GRO9
کِرسٹجن نیلسنتصویر: picture-alliance/dpa/E. Vucci

امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے پیر آٹھ اپریل کو موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق کِرسٹجن نیلسن مجموعی طور پر صرف 16 ماہ تک ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کے عہدے پر فائر رہیں اور اس دوران ان کی ذمے داری صدر ٹرمپ کی ان پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا تھا، جن پر اندرون ملک اور بین الاقوامی سطح پر بھی شدید تنقید کی جا رہی تھی۔

ابھی حال ہی میں اس واقعے کے بعد، جس میں امریکا کی میکسیکو کے ساتھ سرحد پر امریکا میں داخلے کے خواہش مند بہت سے لاطینی امریکی تارکین وطن ایک بار پھر جمع ہو گئے تھے، صدر ٹرمپ نے نیلسن کی کارکردگی پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے ان سے ان کے استعفے کا مطالبہ کر دیا تھا۔ اس پر اس خاتون وزیر نے اتوار سات اپریل کی شام اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

اس بات کی ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بھی تصدیق کر دی کہ ٹرمپ اس ملکی وزارت کی کارکردگی پر شدید ناراض تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ نیلسن کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ اس پر نیلسن کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑ گیا۔

قبل ازیں صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا تھا، ’’ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کِرسٹجن نیلسن جلد ہی اپنے عہدے سے رخصت ہو جائیں گی۔ میں ان کی خدمات کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

USA, Washington: Kevin McAleenan
کیون میکلینن ہوم لینڈ سکیورٹی کے قائم مقام وزیر کے فرائض انجام دیں گےتصویر: picture-alliance/AP/A. Brandon

اس کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا، ’’کیون میکلینن، جو اس وقت امریکی کسٹمز اور سرحدوں کی حفاظت کے نگران کمشنر ہیں، عبوری طور پر ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کے وزیر کے فرائض انجام دیں گے۔‘‘

اپنے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد نیلسن نے اتوار کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ’’میں نے اس بات پر اتفاق کر لیا ہے کہ میں بدھ دس اپریل تک اپنے ذمے داریاں انجام دیتی رہوں گی تاکہ اس وزارت میں اعلیٰ ترین سطح پر تبدیلی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکے اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کی کارکاردگی پر بھی کوئی فرق نہ پڑے۔‘‘

نیلسن کی عمر اس وقت 46 برس ہے اور صدر ٹرمپ نے انہیں دسمبر 2017ء میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کے طور پر اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا۔ اس سے قبل گزشتہ برس بھی کئی بار ایسی خبریں سننے میں آئی تھیں کہ نیلسن جلد ہی اپنے عہدے سے رخصت ہو جائیں گی۔

امریکا میں جب سے ڈونلڈ ٹرمپ صدر بنے ہیں، اب تک ان کی کابینہ کے کئی ارکان یا تو خود ہی مستعفی ہو چکے ہیں ہیں یا پھر صدر ٹرمپ نے انہیں برطرف کر دیا تھا۔

م م / ک م / روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں