1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹائیگروڈز کھیل کی طرف لوٹ آئے

17 مارچ 2010

معروف گولفر ٹائیگر وُڈز نے کھیل کی طرف لوٹنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ وُڈز نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ وہ آئندہ ماہ ماسٹرز مقابلوں سے کھیل دوبارہ شروع کریں گے۔

https://p.dw.com/p/MUjy
تصویر: AP

ان کی جانب سے یہ اعلان کھیل سے الگ ہونے کے تقریباً پانچ ماہ بعد سامنے آیا۔ ٹائیگر وڈز نے اپنی اہلیہ کے ساتھ بے وفائی کے اعتراف کے بعد گولف کھیلنے سے کنارہ کر لیا تھا۔ انہوں گزشتہ ماہ پہلی مرتبہ اپنے رویے پر سرعام شرمندگی ظاہر کی۔ اسی وقت انہوں نے کھیل کی جانب لوٹنے کا امکان بھی ظاہر کر دیا تھا۔

ان کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کھیل سے طویل اور ضروری وقفے کے بعد، وہ خود کو دوبارہ کھیلنے کے لئے تیار محسوس کر رہے ہیں۔

Tiger Woods mit Freundin Elin Nordegren
ٹائیگر وڈز اپنی اہلیہ کے ساتھتصویر: picture-alliance / dpa

آگسٹا نیشنل گولف کلب میں اس چیمپیئن شپ کا آغاز آٹھ اپریل سے ہو رہا ہے۔ عالمی نمبر ایک ٹائیگر وڈز ایک عرصے تک اس کلب پر حکمرانی کرتے رہے ہیں اور ان سے متعلقہ سیکس اسکینڈل کے حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ کوئی خاتون اس کلب کی رکن نہیں۔

ٹائیگروڈز نے کہا:’’ماسٹرز ٹورنامنٹ میں ہی میں نے اپنے کیریئر کا پہلا بڑا اعزاز جیتا تھا اور میں اس ٹورنامنٹ کی بہت قدر کرتا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ بڑی چیمپیئن شپس ہمیشہ ہی ان کے کیریئر کی ترجیح رہی ہیں اور ایک پیشہ ور کھلاڑی کے طور پر آگستا ہی وہ جگہ ہے، جہاں انہیں ہونا چاہیے۔ ٹائیگر وڈز چار ٹائٹل جیت چکے ہیں، جن میں سے پہلا انہیں 1997ء میں ملا تھا۔ اس وقت وہ یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے سیاہ فام گولفر تھے۔

ٹائیگر وڈز کی کار گزشتہ برس نومبر میں ایک حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے بعد مختلف خواتین سے ان کے جنسی تعلقات کا انکشاف ہوا۔ وہ تب ہی سے کھیل سے بھی کنارہ کئے ہوئے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گل / خبررساں ادارے

ادارت: گوہر نذیر گیلانی