1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویمن ورلڈ کپ: جرمن ٹیم کا فاتحانہ آغاز

27 جون 2011

گزشتہ روز جرمنی کی میزبانی میں فیفا ویمن ورلڈ کپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن جرمنی نے دارالحکومت برلن میں کھیلے جانے والے میچ میں کینیڈا کی ٹیم کو شکست دی۔

https://p.dw.com/p/11jwW
جرمنی اور کینیڈا کے میچ کا منظرتصویر: dapd

کینیڈا کی خواتین فٹ بالر کے خلاف جرمن خواتین نے قدرے نروس کھیل کا مظاہرہ ضرور کیا لیکن انجام کار جیت جرمن خواتین کے حصے میں آئی۔ جرمن ٹیم نے دو گول کیے اور کینیڈا کی خواتین ایک گول کر سکیں۔ جرمنی کی جانب سے دونوں گول پہلے ہاف میں کیے گئے جیکہ میچ کے آخری منٹوں میں کینیڈا کی ٹیم کی کپتان کرسٹین سنکلیئر نےگول کیا۔ یہ گول بیاسویں منٹ میں کیا گیا۔

میچ کے دسویں منٹ میں جرمنی کی جانب سے پہلا گول کیرسٹین گارے فریکس نےکیا۔ اس گول سے ایک منٹ قبل گارے فریکس نے یقینی گول کا ایک موقع ضائع کردیا تھا۔ پہلے ہاف کے بیالسویں منٹ میں سیلیا اوکویینی ڈا مبابی نے کیے۔ دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم دفاعی کھیل پر مجبور تھی اور اس کی وجہ فارورڈ اور ہاف کھلاڑیوں میں عدم تال میل تھا۔

جرمن ٹیم کی کوچ سلویا نائیڈ نے مجموعی طور پر اس میچ میں کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کارکردگی کوتسلی بخش خیال نہیں کیا۔ نائیڈ کے مطابق ان کی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑیوں نے میچ کے پہلے ہاف کے آخر میں مناسب کھیل نہیں پیش کیا تھا۔

NO FLASH Frauen-Fußball-WM Deutschland Kanada
جرمن ٹیم کی خواتین گول کے بعد مسرت کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: picture alliance / Ges-Sportfoto

سن 2007 میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم کے خلاف کوئی گول نہیں ہوا تھا۔ اس مناسبت سے اتوار کے روز کینیڈا کی جانب سے گول نے جرمن ٹیم کو دفاع پر مجبور کردیا تھا۔ جرمنی میں کھیلے جانے والے ویمن ورلڈ کپ میں کینیڈا کی ٹیم کو چھپی رستم خیال کیا جا رہا ہے اور اگلے پول میچوں میں یہ مخالف ٹیموں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

برلن کے اولمپیا اسٹیڈیم میں فیفا ویمن ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے تہتر ہزار سے زائد شائقین موجود تھے جو ایک غیر معمولی کراؤڈ خیال کیا گیا ہے۔ ان ہزاروں شائقین کے ساتھ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور صدر کرسٹیان وولف بھی موجود تھے۔

اتوار کے روز ویمن ورلڈ کپ کے گروپ اے کے دومیچ کھیلے گئے تھے۔ دوسرے میچ میں کامیابی فرانس کو حاصل ہوئی۔ اس ورلڈ کپ میں کل سولہ ٹیمیں چار گروپوں میں تقسیم ہیں۔

جرمن کی خواتین فٹ بال ٹیم فیفا ویمن ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن ہے اور2003 اور 2007 کے بعد وہ تیسری بار اس اعزاز کے حصول کی کوشش میں ہے۔ ماہرین نے اس ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں