1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹیسٹ سیریز ہار گئی

17 نومبر 2011

بھارت کے دورے پر گئی جزائر غرب الہند کی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہار گئی ہے۔ مہمان ٹیم کوپہلے اور دوسرے ٹیسٹ میچوں میں شکست کا سامنا رہا۔

https://p.dw.com/p/13CQm
مہندر دھونی اور لکشمنتصویر: UNI

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم نے کولکٹہ کے ایڈن گارڈن پر کھیلے جانے والے پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اننگز کی شکست کو بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر نوشتہ دیوار کو ٹالا نہیں جا سکا۔ گزشتہ روز شیو نارائن چندر پال کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو اننگز کی ہار سے بچنے کی امیدیں دم توڑ گئی تھیں۔

یہ امر اہم ہے کہ تجربہ کار بیٹسمین شیو نارائن چندر پال، موجودہ ویسٹ انڈین ٹیم میں واحد  ایسے بیٹسمین تصور کیے جاتے ہیں جو طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی اس صلاحیت کا مظاہرہ بارہا کیا ہے۔ وہ اب تک بیس سے زائد ٹیسٹ سینچریاں بنا چکے ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ بقیہ ویسٹ انڈین ٹیم میں زیادہ تر بیسٹمین اسٹروک پلیئرز ہیں۔

Cricket West Indies
ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کافی عرصے سے شناخت کے بحران کا سامنا ہےتصویر: AP

دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کی ساری ٹیم بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے سے پندرہ رنز پہلے آؤٹ ہو گئی۔ دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کا اسکور 463 رہا۔ پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیر کی دس وکٹیں صرف 153 کے اسکور پر گر گئی تھیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم  نے 478 کے خسارے کو دیکھتے ہوئے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا۔ بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز 631 کے اسکور پر ڈکلیئر کردی تھی۔ بھارت کی جانب سے پراگ یان اوجھا اور روی چندرن ایشون نے عمدہ اسپین بولنگ سے ویسٹ انڈین اننگز ختم کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اوجھا دونوں اننگز میں چھ کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ نئے تیز بالر امیش یادیو نے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین ڈیرن براوو دوسری اننگز میں سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ 136کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے  پہلےچندر پال اور پھر مارلن سیموئلز کے ساتھ ایک سو سے زائد رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ بائیس نومبر سے ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی شیڈیول ہے۔ تمام میچ  ڈے اینڈ نائٹ ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں