ویب سائٹس کی بندش، کولمبو حکومت پر تنقید
8 نومبر 2011یہ مذمتی بیانات ویب سائٹس کو بلاک کیے جانے اور وزارت ذرائع ابلاغ اور اطلاعات کے اس حکم کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ سری لنکا سے متعلق معلومات دینے والی تمام ویب سائٹس اس وزارت سے رجسٹریشن حاصل کریں۔ مرکزی اپوزیشن جماعت یونائیٹڈ پارٹی (یو این پی) نے ان اقدامات کو ’غیرجمہوری‘ قرار دیا ہے۔ یو این پی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سے معلومات تک رسائی کے عوامی حق میں رکاوٹ آئے گی۔
یواین پی کے رکن پارلیمنٹ منگلا سماراویرا نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے ساتھ گفتگو میں کہا: ’’ویب سائٹوں کی رجسٹریشن سے متعلق حکومتی اعلان نے ہمیں حیرت میں ڈال دیا ہے۔ یہ کچھ بھی نہیں ہے بلکہ حکومت خوفزدہ ہے۔‘‘
سری لنکا ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر گناسیری کوتھیگوڈا نے بھی اس حکومتی اقدام کو غیرجمہوری قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کی ہے۔ یونائیٹڈ میڈیا فورم کے صدر سجیت منگلا ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ان کی تنظیم ویب سائٹس کو بلاک کیے جانے کے خلاف احتجاج کی امید رکھتی ہے۔ ان اقدامات کا نشانہ بننے والی زیادہ تر ویب سائٹیں بدعنوانی کے خلاف مضامین اور خبریں پیش کرتی ہیں۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ اسے ان لوگوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں جو متعدد ویب سائٹس پر جاری کی گئی رپورٹوں کی وجہ سے بدنام ہوئے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے: ’’ان ویب سائٹس پر جاری کی گئی مخصوص رپورٹوں کا مواد ملک، ریاستی سربراہ، وزراء، اعلیٰ سرکاری اہلکاروں اور باعزت شخصیتوں کی ساکھ کے لیے خطرناک ہے، جنہیں دانستہ طور پر کردار کشی کی اس مہم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘
اس وزارت کے مطابق اسے یقین ہے کہ ان ’پراسرار‘ ویب سائٹس کو چلانے والے لوگ حکومت کے خلاف بداعتمادی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ کولمبو حکومت کی جانب سے بلاک کی گئی ویب سائٹس درج ذیل ہیں۔
www.lankaenews.com
www.lankawaynews.com
srilankamirror.com
srilankaguardian.com
paparacigossip9.com
رپورٹ: ندیم گِل خبر رساں ادارے
ادارت: شادی خان سیف