1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ ایک نادر موقع ہے: وقار یونس

9 فروری 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی کپ کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں تاکہ سپاٹ فکنسگ کے نتیجے میں قوم کے وقار کو جو نقصان پہنچا ہے، اس کا ازالہ ہو سکے۔

https://p.dw.com/p/10Ds8
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونستصویر: AP

عالمی کپ مقابلوں کے انعقاد سے قبل پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے اپنی تیاریوں پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا،’ ٹیم کی اچھی کارکردگی، عوام کو دوبارہ کرکٹ کی طرف لے آئے گی۔‘ کامیاب دورہ نیوزی لینڈ سے واپس وطن پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا، ’مجھے خوشی ہے کہ یہ تمام معاملہ طے پا گیا ہے کیونکہ ایسے تمام تنازعات کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔‘

وقار یونس کہتے ہیں کہ انہوں نے بہت کوشش کی کہ کھلاڑی سپاٹ فکسنگ پر گفتگو کرنا چھوڑ دیں کیونکہ اس سے ان کی توجہ بٹ رہی تھی۔ یونس کے بقول اس بات کو بھولنے کے لیے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا پڑی۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Shoaib Akhtar
وقار یونس کے خیال میں ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا کامبینیشن بہت اچھا ہےتصویر: APImages

وقار یونس کہتے ہیں،’ مثبت بات یہ ہے کہ لڑکوں نے اپنی توجہ دوبارہ کھیل پر مرکوز کی اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے دوران عمدہ کھیل پیش کیا اور کامیابی اپنے نام کی۔ عالمی کپ مقابلوں سے قبل اس کامیابی کے نتیجے میں ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔‘ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ٹیم کو ایک ایسا موقع فراہم کر رہا ہے، جس سے پاکستانی کرکٹ تمام تنازعات سے باہر نکل سکتی ہے۔

وقار یونس کے خیال میں پاکستانی ٹیم کا کامبینیشن اس وقت بہت اچھا ہے اور ٹیم نے ورلڈ کپ سے پہلے ہی اپنا اعتماد بحال کر لیا ہے،’ اگرچہ ٹیم نے اپنا مورال بلند کیا ہے تاہم ہمیں اندازہ ہے کہ ہماری کمزوریاں کیا ہیں۔ ہم ان کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ لیکن میں مستقبل کے بارے میں بہت زیادہ پر اُمید ہوں۔‘

عالمی کپ مقابلے بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ انیس فروری تا دو اپریل جاری رہے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں