1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’وبا انسانی حقوق کے بحران ميں نہ تبديل ہو جائے‘

27 اپریل 2020

نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد بدستور بڑھ رہی ہے اور ساتھ ہی عالمی اداروں کی اس بارے ميں فکر بھی کہ يہ عالمی وبا کہيں انسانی حقوق کے بحران ميں نہ بدل جائے۔

https://p.dw.com/p/3bSHZ
Indien Kalkutta Migranten Arbeiter Coronavirus Covid-19 Gastarbeiter
تصویر: Reuters/R. De Chowdhuri
  •  کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کی کُل تعداد: 2,971,639
  •  کووڈ انیس کے سبب اموات کی تعداد: 206,553
  •  سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں انفیکشنز کی تعداد: 965,910

وبا انسانی حقوق کے بحران ميں تبديل ہو سکتی ہے، مشیل باچليٹ 

اقوام متحدہ کے ديگر سينیئر اہلکاروں کے بعد آج پير کو کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل باچليٹ نے بھی خبردار کيا ہے کہ موجودہ وبا انسانی حقوق کے بحران ميں تبديل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے جنيوا سے جاری کردہ اپنے بيان ميں حکومتوں پر زور ديا کہ وہ غير معمولی اقدامات کے اس دور ميں بھی بنيادی حقوق کا احترام جاری رکھيں۔ باچليٹ نے کہا کہ ہنگامی حالت کے نفاذ سے ملنے والے اضافی اختيارات کو کسی بھی قسم کی تنقيد کو دبانے اور عوام کے نظريات کو کنٹرول کرنے کے ليے استعمال نہيں کيا جانا چاہيے۔ کمشنر برائے انسانی حقوق کے بقول بہت سے ملکوں اور خطوں ميں بندشوں پر عملدرآمد کے طريقہ کار کے باعث لوگ ہلاک بھی ہو رہے ہيں۔

نئے کورونا وائرس کے دنیا بھر میں متاثرين کی تعداد تين ملين کے قريب

امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد انتيس لاکھ ستر ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے۔ اب تک دو لاکھ چھ ہزار سے زائد افراد کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہيں۔ عالمی سطح پر اس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ پينسٹھ ہزار سے زائد ہے۔

سب سے زيادہ متاثرہ ملک امريکا ہے، جہاں متاثرين کی تعداد نو لاکھ پينسٹھ ہزار سے بھی زيادہ ہے۔ دنيا بھر کے 185 ممالک اور خطوں ميں وائرس کی تصديق ہو چکی ہے۔

Hongkong | Schüler und Studenten Protestieren
تصویر: REUTERS

بڑے چينی شہروں ميں آج سے اسکول کھل گئے

چينی شہروں بيجنگ اور شنگھائی ميں آج سے اسکول کھل گئے ہيں۔ نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ چين ميں پچھلے تين ماہ سے اسکول بند تھے۔ شنگھائی ميں مڈل اور ہائی اسکول کی آخری کلاسوں کے طلبا آج پير سے اسکول جانا شروع ہو گئے ہيں۔ بيجنگ ميں فی الحال ہائی اسکول کی سينیئر کلاسوں کے طلبا کے ليے اسکول کھولے گئے ہيں تاکہ وہ يونيورسٹی ميں داخلے کے امتحان کی تياری کر سکيں۔

چين کے ديگر شہروں ميں بھی اسکول آہستہ آہستہ کھولے جا رہے ہيں جبکہ ووہان ميں اسکول چھ مئی سے کھليں گے۔ اسکول ميں داخلے کے وقت ايک ايپليکيشن کی مدد سے طلبا کا بخار وغيرہ چيک کيا جاتا ہے اور صرف تندرست بچوں کو کلاسوں ميں جانے کی اجازت ہے۔

آسٹريليا ميں کورونا وائرس کے مريضوں کی اطلاع دينے والی اسمارٹ فون ايپ

آسٹريليا ميں ايک ملين سے زائد شہريوں نے ايک نئی اسمارٹ فون ايپ ڈاؤن لوڈ کی ہے، جو صارفين کو آس پاس ايسے افراد کے بارے ميں مطلع کرتی ہے، جو نئے کورونا وائرس کا شکار ہوں۔ يہ ايپليکيشن حکومت کی جانب سے اتوار کی شب جاری کی گئی۔ اگر کسی شخص کا کورونا ٹيسٹ مثبت آيا ہو، تو اس کے بارے ميں ايپ ديگر افراد کو مطلع کر دے گی۔ يہ ايپليکيشن بلو ٹوتھ کی مدد سے کام کرتی ہے۔

ايپليکشن کو آسٹريليا ميں معمولات زندگی کی بحالی کے ليے اہم قرار ديا جا رہا ہے۔ ايپ کے حوالے سے ايسے خدشات بھی تھے کہ يہ لوگوں کی پرائيویسی کے حقوق کی خلاف ورزی کا سبب بن سکتی ہے تاہم حکام نے کہا ہے کہ يہ صرف وبا کے دور ميں مدد کے ليے بنائی گئی ہے اور لوگوں کی ذاتی معلومات تک رسائی کے ليے نہيں۔