1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نکی ہیلی نے استعفٰی دے دیا، ذرائع

9 اکتوبر 2018

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے استعفٰی دے دیا ہے۔ روئٹرز نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے منگل کے دن تصدیق کر دی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلی کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/36F8J
USA Nikki Haley, US-Botschafterin bei den UN & Donald Trump, Präsident
تصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Vucci

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی ہیں۔ متعدد ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلی کا استعفی قبول کر لیا ہے۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ چھیالیس سالہ نکی ہیلی نے اقوام متحدہ کے اس اہم عہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیوں کیا ہے۔ حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ کی قومی سلامتی کی ٹیم کے متعدد رکن استعفے دے چکے ہیں، جن میں تازہ ترین مثال ریکس ٹلرسن کی ہے۔ ٹلرسن نے مارچ میں وزیر خارجہ کے عہدے سے الگ کا اعلان کیا تھا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق نکی ہیلی اس وقت واشنگٹن میں موجود ہیں اور وہ جلد ہی امریکی صدر سے ملاقات کرنے والی ہیں۔ ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ ساندرز نے بتایا ہے کہ ٹرمپ اور ہیلی جلد ہی اوول آفس میں ملاقات کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ اپنی دوست نکی ہیلی کے ساتھ ایک بڑا اعلان کرنے والے ہیں۔  ہیلی نے جنوری سن دو ہزار سترہ میں اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھانا شروع کی تھیں۔

نکی ہیلی حکمران پارٹی ری پبلکن کی حامی ہیں۔ وسط مدتی الیکشن سے قبل ہیلی کے اس عہدے سے الگ ہونے کے فیصلے کو ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک اور دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ ہیلی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناقد رہی ہیں۔

ع ب / ش ح (روئٹرز، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید