1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا میں اس وقت کیا ہو رہا ہے؟

13 ستمبر 2018

پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کے نواح میں واقع نواز شریف کے گھر جاتی امرا میں اس وقت  پاکستان بھر سے آئے ہوئے ہزاروں لوگ جمع ہیں جو بیگم کلثوم نواز کی وفات پر نواز شریف سے تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/34pCU
Pakistan: Die Ehefrau des ehemaligen Premiers Nawaz Sharif verstorben
تصویر: DW/T. Shahzad

نواز شریف کے گھر کو جانے والی سڑک پر میل ہا میل تک گاڑیاں رش میں پھنسی ہوئی ہیں۔ بہت سے لوگ گاڑیوں سے نکل کر پیدل ہی جاتی امرا کی طرف چل رہے ہیں۔ سرسبز درختوں میں گھری شریف خاندان کی رہائش گاہوں کے درمیان ٹینٹ لگا کر مہمانوں سے نواز شریف کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا، لیکن پھر پنڈال میں جگہ کم ہونے پر پنڈال کی دیواریں ہٹا کر مہمانوں کو باہر لان میں لے آیا گیا ہے۔ اس وقت مسلم لیگ نون کے کارکن کافی جذباتی دکھائی دے رہے ہیں۔ ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے کے نعروں سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی ہے۔ اس منظر سے کچھ ہٹ کر ایک جانب جائے نمازیں بچھی ہوئی ہیں۔ ایک طرف مہتاب عباسی نماز پڑھ رہے ہیں تو دوسری طرف کچھ لوگ اجتماعی طور پر دعا مانگ رہے ہیں۔ 

یہیں پر شاہد خاقان عباسی کو لوگوں میں گھرے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ فاصلے پر بعض نوجوان سابق اسپیکر اسمبلی ایاز صادق کے ساتھ سلفیاں بنانے پر تلے دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرا کچھ دور لان میں آزاد کشمیر کے صدر اور  وزیر اعظم اپنی کابینہ کے ساتھ زمین پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

Kulsoom Nawaz
کلثوم نواز کا انتقال گیارہ ستمبر کو لندن کے ایک ہسپتال میں ہوا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/S. Khan

 گلگت بلتتسان کے وزیراعلیٰ اور لاہور کی اہم کاروباری شخصیات بھی یہاں موجود ہیں جبکہ لاہور کے میئر کرنل مبشر بھی بھیڑ چیر کر نواز شریف تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خرم دستگیر، سعد رفیق، عمران عزیز کو بھی اسی مجمعے میں دیکھا جا سکتا ہے۔ مولانا فضل الرحمن ، اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور بھی اپنی پیرانہ سالی کے باوجود کارکنو﷽ں سمیت موجود ہیں۔ سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری بھی شریف فیملی کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔

جس طرف خواتین کا انتظام ہے وہاں پر تعزیت کو آنے والی خواتین غمزدہ مریم نواز کو دلاسا دے رہی ہیں۔ یہاں جگنو محسن اور شرف فیملی کی رشتے دار خواتین بھی نظر آ رہی ہیں۔  خواتین قطار بنا کرباری باری مریم نواز سے مل رہی ہیں۔

آج جاتی امرا میں کوئی خاص پروٹوکول یا سیکورٹی دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے۔ نواز شریف غمزدہ لیکن حوصلے کے ساتھ مہمانوں سے مل رہے ہیں۔ خاص مہمانوں  کو دوسرے کمروں میں بٹھایا جا رہا ہے۔ نواز شریف ان مہمانوں سے ملنے کے لیے مختلف کمروں میں جا رہے ہیں۔ نواز شریف کے گھر کی اوپر والی منزل کے ٹیرس پر کھڑی گھریلو ملازمائیں اور ان کے بچے حیرت سے آج کے مناظر کو تک رہے ہیں۔ 2018  کے ستمبر کا تیرہواں سورج ڈوب چکا ہے لیکن جاتی عمرہ آنے والوں کی آمد کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ کچھ لوگ گھنٹوں سے ٹریفک رش میں پھنسے ہوئے ہیں۔

Kulsoom Nawaz
کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو لندن میں بھی ادا کی گئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa/R. Dar

مہمانوں کی آمد سے پہلے نواز شریف گھر سے نکل کر شریف میڈیکل کمپلیکس پہنچے تھے اور انہوں نے کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے یہاں بیس ہزار سے زائد لوگوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ عام مہمانوں کو جنازہ گاہ تک آنے کی اجازت ہو گی جبکہ تدفین کے موقع پر صرف خاندان کے افراد ہی موجود ہوں گے۔

کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو لندن میں بھی ادا کی گئی تھی۔ شہباز شریف کلثوم نواز کی میت لے کر جمعے کے روز لاہور پہنچ رہے ہیں اور یہاں اُن کی نماز جنازہ بھی جمعے ہی کو ادا کی جائے گی۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا ایک وفد اور تحریک انصاف کے لوگ بھی نماز جنازہ میں شریک ہونے آ رہے ہیں۔ یہاں میڈیا بھی بڑی تعداد میں نظر آ رہا ہے۔