1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نرگس صاحبہ سے معافی چاہتا ہوں، فیاض چوہان

31 اگست 2018

پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے ملک کی معروف اسٹیج اور فلم ایکٹرس نرگس سے معافی طلب کی ہے۔ چوہان نے قبل ازیں ایک خطاب کے دوران نرگس کے بارے میں ناپسندیدہ الفاظ کا استعمال کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3458O
Filmszene in Pakistan in 2014
تصویر: DW/T. Shahzad

پاکستانی میڈیا کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ لاہور میں ایک ثقافتی شو کے دوران اُن سے اسٹیج شوز میں فحاشی کے حوالے سے سخت سوالات کیے گئے، ’’لہٰذا اس بارے میں بات کرتے ہوئے میری زبان سے نرگس صاحبہ کے بارے میں ایک لفظ نکل گیا جس کو ایک ٹی وی چینل نے ضرورت سے زیادہ بڑھا چڑھا دیا۔‘‘

فیاض چوہان کے مطابق، ’’میں نرگس صاحبہ سے دل سے معافی کا طلب گار ہوں۔ وہ ایک قابل عزت شخصیت ہیں اور پاکستانی فلمی صنعت کی ایک نامور فنکارہ ہیں۔‘‘

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے فیاض الحسن چوہان نئی حکومت کے قیام کے بعد حال میں پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات بنے ہیں۔ فلم اور اسٹیج فنکارہ نرگس کے بارے میں قابل اعتراض الفاظ انہوں نے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ادا کیے تھے۔

خیال رہے کہ چوہان نے بدھ کے روز ملک کے ایک پرائیویٹ ٹیلی وژن کے شو کے بعد ٹی وی عملے کو گالیوں سے نوازا کیوں کہ شو کے دوران ان سے سخت سوالات کیے گئے تھے۔ فیاض چوہان کے ان اقدامات کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔