1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نجی جہاز اور پر تعیش زندگی، فراڈ کے جرم میں 114 برس قید

9 اگست 2018

تھائی لینڈ میں بدھ مذہب کے ایک سابق راہب کو متعدد جرائم کے ارتکاب میں 114 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ نوجوان راہب اس وقت مشہور ہوا تھا جب اس نے اپنے نجی طیارے اور پرتعیش زندگی کی ویڈیوز یوٹیوب پر شیئر کی تھیں۔

https://p.dw.com/p/32us1
Wirapol Sukphol
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Lalit

تھائی لینڈ میں ایک عدالت نے بدھ مذہب کے ایک سابق راہب کو فراڈ، منی لانڈرنگ اور سائبر فراڈ کے متعدد جرائم میں مجرم قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر ایک سو چودہ برس قید کی سزا سنائی ہے۔ اس شخص پر کم عمر لڑکیوں سے جنسی روابط اختیار کرنے کے الزامات بھی ہیں۔

سن 2013 میں یہ راہب اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب اس نے اپنی پر تعیش زندگی کی ویڈیوز یوٹیوب پر شیئر کی تھیں۔ ایسی ویڈیوز میں اس بدھ راہب کو اپنے نجی طیارے میں مہنگے ترین برانڈز سے کپڑے، جوتے اور عینکیں پہنے ہوئے دیکھا گیا تھے۔

ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد عام افراد نے اس کی ایسی پر تعیش زندگی اور اس کی تشہیر پر شدید تنقید کی تھی جس کے بعد بدھ راہبوں کی تنظیم نے اسے راہب کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

اسی برس تھائی لینڈ میں حکام نے اس شخص کے خلاف ایک چودہ سالہ لڑکی سے جنسی تعلقات استوار کرنے کے حوالے سے تحقیق شروع کر دی تھی۔ تفتیش شروع ہونے کے بعد وہ تھائی لینڈ سے فرار ہو کر امریکا چلا گیا تھا۔ متعدد جرائم میں مطلوب ہونے کے باعث جولائی سن 2017 میں امریکی حکام نے اسے گرفتار کر کے تھائی لینڈ کے حوالے کر دیا تھا۔

تھائی لینڈ کے دفتر استغاثہ کے ایک اہلکار نے اسے دی جانے والی سزا کے حوالے سے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا، ’’اس شخص نے خصوصی قوت کے حامل ہونے کا جھوٹا دعویٰ کر کے لوگوں کو اپنی جانب راغب کیا جو کہ ایک فراڈ تھا۔ علاوہ ازیں اس نے کئی مہنگی لگژری گاڑیاں بھی خریدیں جو تھائی قوانین کے مطابق منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔‘‘

114 برس قید کی سزا سنائے جانے کے باوجود بدھ مذہب کا یہ سابق راہب بیس برس قید میں گزارے گا کیوں کہ ملکی قوانین کے تحت ایک ہی طرح کے جرائم میں متعدد بار سزا پانے والے کو زیادہ سے زیادہ بیس برس تک قید میں رکھا جا سکتا ہے۔

تاہم ابھی اس راہب کے خلاف کم عمر لڑکی سے جنسی تعلقات استوار کرنے، بچوں کے اغوا اور ریپ کے مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔ تھائی لینڈ کی عدالت ان مقدمات کا فیصلہ رواں برس اکتوبر کے مہینے میں سنائے گی۔

ش ح/ ع ق (روئٹرز، ڈی پی اے)