1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائجیریا: مغوی لڑکیوں کی تلاش، نگرانی کرنے والے امریکی طیارے تعینات

امتیاز احمد13 مئی 2014

پینٹاگون نے کہا ہے کہ امریکا نے دو سو سے زائد مغوی طالبات کی تلاش کے لیے ’انسان بردار‘ نگرانی کرنے والے طیارے نائجیریا بھیجے ہیں۔ امریکا کے مطابق اس انٹیلیجنس مشن کے لیے نائجیریا کی حکومت سے اجازت لی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Byc7
تصویر: picture alliance/abaca

امریکی حکام کے مطابق اس خفیہ مشن کے ذریعے سراغ لگایا جائے گا کہ مغوی لڑکیوں کو کس جگہ رکھا گیا ہے۔ امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، ’’ہم نے نائجیریا کے حکام کے ساتھ کمرشل سیٹیلائٹ سے لی جانے والی تصاویر شیئر کی ہیں اور ہم نائجیریا کی حکومت کی اجازت سے انسان بردار آئی ایس آر (انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی) پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کس قسم کے ہوائی جہاز تعینات کیے گئے ہیں اور انہیں کہاں سے لایا گیا ہے۔

نئی ویڈیو منظر عام پر

عسکریت پسند گروپ بوکو حرام کی طرف سے مغوی طالبات کی ایک نئی ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس کا امریکی ماہرین بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ سراغ لگایا جا سکے کہ اسے کس علاقے میں فلمایا گیا تھا۔ امریکی دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا، ’’ہمارے خفیہ ماہرین اس ویڈیو کا ہر طرح سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کوئی سراغ مل سکے اور لڑکیوں کو بچایا جا سکے۔‘‘

مذاکرات

اس تازہ ویڈیو میں اسلامی گروپ بوکو حرام کے لیڈر ابوبکر شیکاو نے کہا ہے کہ بوکو حرام کے تمام قیدیوں کی رہائی کے بدلے ان لڑکیوں کو رہا کیا جا سکتا ہے۔ لیکن نائجیریا کی حکومت نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی فوجیوں کی ایک مضبوط ٹیم نائجیریا پہنچی تھی، جس کا مقصد طالبات کی بازیابی میں مدد فراہم کرنا بتایا گیا تھا۔ اس دوران واشنگٹن حکام نے واضح کیا ہے کہ امریکی فوجی رہائی کی کسی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے اے بی سی ٹیلی وژن کو بتایا، ’تلاش کا کام آسان نہیں ہو گا۔ اس موقع پر ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ امریکی فوجیں نائجیریا کی سرزمین پر قدم رکھیں‘۔ ان تمام طالبات کی عمریں سولہ سے اٹھارہ برس کے درمیان ہیں اور انہیں ملک کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک بورڈنگ اسکول سے 14 اپریل کو اغوا کیا گیا تھا۔

ابوجہ حکومت کی مدد کے لیے برطانوی اور فرانسیسی ماہرین پہلے ہی جدید آلات کے ساتھ نائجیریا پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ روز اسرائیل نے بھی اس سلسلے میں نائجیریاکو تعاون کی پیشکش کی تھی۔ ماہرین کے خیال میں اسرائیل نگرانی کرنے والے ڈرون طیارے مہیا کر سکتا ہے۔