1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مے کے بریگزٹ پلان پر ٹرمپ کی تنقید

13 جولائی 2018

امریکی صدر ٹرمپ نے لندن اور برسلز کے مابین بریگزٹ مذاکرات کے عمل کو انتہائی سست روی کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل میں امریکی تحفظات کو دور نہ کرنے کے باعث برطانیہ اور امریکا کی تجارتی ڈیل متاثر ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/31P5E
Großbritannien Donald Trump und Theresa May Treffen in Chequers
تصویر: Reuters/H. McKay

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کا بریگزٹ کا منصوبہ اگر پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے تو ’امکان ہے کہ امریکا اور برطانیہ کی تجارتی ڈیل کو حتمی شکل نہ دی جا سکے‘۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے مے سے کہا تھا کہ بریگزٹ کے عمل کے دوران ان کی تجاویز پر غور کیا جائے لیکن مے نے ان کی تجاویز کو مسترد کر دیا۔

اپنے دورہ برطانیہ کے دوران ٹریزا مے اور ملکہ الزبتھ سے ملاقات سے قبل برطانوی جریدے ’دی سن‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ٹریزا مے کا بریگزٹ کا منصوبہ شاید امریکا اور برطانیہ کی ’تجارتی ڈیل کو قتل‘ کر دے گا۔ انہوں نے برطانوی وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنائے بغیر کہا کہ امریکا برطانیہ کے بجائے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی روابط مضبوط کرنے کی کوشش کرے گا۔

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے ٹرمپ کے اوّلین سرکاری دورہ برطانیہ کے موقع پر امریکا کے ساتھ آزاد تجارتی تعلقات پر گفتگو چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے سے ایک غیر معمولی موقع ملے گا، جس کی وجہ سے برطانیہ اور امریکا کے مابین تجارتی تعلقات میں زیادہ بہتری ہو سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس انٹرویو میں لندن کے میئر صادق خان کو گزشتہ برس لندن میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ ٹرمپ نے کہا کہ صادق خان نے ابھی تک بطور میئر ’ہولناک کام‘ کیا ہے۔ اس کے جواب میں لندن کے پہلے مسلم میئر صادق خان نے کہا ہے کہ ٹرمپ صرف انہیں ہی تنقید کا نشانہ کیوں بنا رہے ہیں۔

صادق خان کے بقول حالیہ عرصے میں برسلز، پیرس اور برلن میں بھی دہشت گردانہ حملے کیے گئے ہیں لیکن ٹرمپ صرف انہیں ہی نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کی وجہ خود ٹڑمپ کو بتانا چاہیے کہ ایسا کیوں ہے؟ صادق خان نے ٹرمپ کے اس موقف کو بھی مسترد کر دیا کہ یورپ میں مہاجرین کی آمد کی وجہ سے اس براعظم کی ثقافت بدل رہی ہے۔

ع ب / ص ح / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید