1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

میکسیکو: حادثے میں درجنوں تارکین وطن ہلاک ہو گئے

10 دسمبر 2021

میکسیکو میں وسطی امریکا سے تعلق رکھنے والے کم از کم 53 تارکین وطن اس وقت ہلاک ہو گئے جب جس ٹرک میں وہ سوار تھے وہ تیز رفتاری کے باعثت پلٹ گیا۔ بیشتر متاثرین ایک نئی زندگی کی تلاش میں امریکا جانے کی کوشش میں تھے۔

https://p.dw.com/p/444kL
Mexiko Chiapas | Verkehrsunfall mit Migranten
تصویر: El La Mira/REUTERS

میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس میں جمعرات کو وسطی امریکا سے آنے والے کم از کم 53 تارکین وطن اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کا ٹرک الٹ گیا۔ اطلاعات کے مطابق بیشتر متاثرین ایسے تارکین وطن تھے جو امریکا میں نئی زندگی کی امید کی تلاش میں ایک ٹرک کے ٹریلر میں سوار ہو کر جا رہے تھے۔

چیاپاس سول پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ لوئیس مینوئل گارسیا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ مذکورہ ٹرک چیاپا ڈی کورزو شہر اور ریاستی دارالحکومت ٹکسٹلا گوٹیریز کے درمیان کی شاہراہ پر ایک خطرناک موڑ پر یہ حادثہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں، "جو افراد بچ گئے ہیں ان کے بیانات کے مطابق بیشتر متاثرین کا تعلق گوئٹے مالا سے تھا۔" مقامی حکام کے مطابق اس حادثے میں 58 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں اور متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ہوا کیا؟

جائے حادثے کی جگہ سے لی گئی تصاویر میں  شاہراہ کی ایک جانب ایک سفید ٹریلر دیکھاجا سکتا ہے جبکہ آس پاس طبی امداد حاصل کرنے والے متاثرین بکھرے ہوئے پڑے ہیں۔ وہیں پر ہلاک ہونے والے متعدد افراد کو سفید کفنوں میں ڈھانپ دیا گیا جبکہ متاثرین کی لاشوں کو پہلو بہ پہلو رکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ایک اور ویڈیو میں ایک خاتون کو اپنے روتے ہوئے بچے کو گود میں اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دونوں خون میں لت پت ہیں۔ ایک دیگر ویڈیو میں ٹریلر کے اندر ایک شخص کو پھنسا ہوا دیکھا جا سکتا ہے جو سامنے ملبہ ہونے کی وجہ سے نہیں نکل پا رہا ہے اور امدادی عملہ اس کی مدد کے لیے کوشش کر رہا ہے۔

Mexico I Migrants crash in Tuxtla Gutierrez
تصویر: Sergio Hernandez/AFP/Getty Images

چیاپاس کے گورنر روتیلیو ایسکینڈن نے اپنی ایک ٹویٹ  میں متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امدادی عملے کو جائے وقوعہ پر فوری طور پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

حادثے پر رد عمل کیا ہے؟

اس حادثے کے بعد گوئٹے مالا کے سیلسو پاچیکو نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے ٹرک بہت رفتار سے جا رہا تھا اور اسی وجہ سے ڈرائیور اس کا کنٹرول کھو بیٹھا۔ ان کے مطابق یہ تارکین وطن گوئٹے مالا اور ہونڈورس سے تھے اور ایک اندازے کے مطابق اس میں تقریباً ایک درجن چھوٹے بچے بھی تھے۔

میکسیکو کے صدر اینڈریاز مینوئل لوپیز نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ سانحہ ’انتہائی تکلیف دہ‘ ہے۔

ہر برس، لاکھوں افراد میکسیکو سے یا پھر وسطی امریکی ممالک گوئٹے مالا، ہونڈورس، ایل سلواڈور اور دیگر مقامات سے امریکا پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ ایسے بیشتر تارکین وطن کو اسمگلروں کے ذریعے چلائے جانے والے ٹرکوں کے ٹریلرز میں سوار کر دیتے ہیں۔

ص ز/  ع ب (اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں