1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مہاجرین کی امداد جیسے کاموں پر بہت سا وقت صرف کرتا ہوں‘

کشور مصطفیٰ12 فروری 2016

ہالی وڈ اسٹاراور سیاسی کارکُن جارج کلونی اور اُن کی اہلیہ امل، جو انسانی حقوق کی وکیل ہیں، نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HucA
تصویر: Reuters/Bundesregierung/Guido Bergmann

برلن میں میرکل کے دفتر میں ہونے والی یہ ملاقات قریب ایک گھنٹے تک جاری رہی تاہم اس بات چیت کی تفصیلات عام نہیں کی گئیں۔ جارج کلونی نے جمعرات کو یہ عندیہ دیا تھا کہ وہ چانسلر میرکل سے مہاجرین کے مسائل کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں اور میرکل کو مہاجرین کے بحران میں مدد کی پیشکش کرنا چاہتے ہیں، اُن سے جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کس طریقے سے اس بحران سے نمٹنے کے لیے جرمن حکومت کی مدد اور اُس کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔

انگیلا میرکل کی طرف سے گزشتہ برس ستمبر میں تارکین وطن کے لیے دروازے کھول دینے اور ان کو اپنے ہاں پناہ دینے کے لیے غیر معمولی فراخ دلی کا مظاہرہ کرنے پر یورپ کی اس سب سے مضبوط اقتصادی قوت ’جرمنی‘ میں ایک سنگین سیاسی بحث چھڑ گئی ہے۔

دریں اثناء لگ بھگ 1.1 ملین مہاجرین اور پناہ گزین جرمنی پہنچ چُکے ہیں۔ برلن میں 66 ویں عالمی فلم میلے برلینالے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر جارج کلونی سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مہاجرین سے متعلق پالیسی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کو کہا گیا، جس پر کلونی کا کہنا تھا، ’’میں اس سے سو فیصد اتفاق کرتا ہوں۔‘‘

Berlin Kanzleramt Amal und George Clooney
جارج کولونی اپنی اہلیہ کے ساتھ برلن کے چانسلر دفتر میںتصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

54 سالہ اداکار جو جرمنی میں بہت زیادہ مقبول ہیں اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امدادی کام کرنے والے سرگرم کارکن کی حیثیت سے بہت زیادہ شہرت کے حامل ہیں، نے برلینالے میں اپنی تازہ ترین فلم ’’ہیل سیزر‘‘ لے کر آئے ہیں۔ اس فلم میں کلونی نے ایک احمق یا کُند ذہن ایکٹر کا کردار ادا کیا ہے۔

آسکر ایوارڈ یافتہ کوئن برادرز کی بنائی ہوئی یہ فلم جمعرات کو 66 ویں برلینالے کی افتتاحی گالا کی تقریب میں دکھائی گئی۔ جارج کلونی کی سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کسی نے اُن سے سوال کیا کہ وہ مہاجرین کی امداد کے لیے کیا کر رہے ہیں؟

فلموں کے ڈائریکٹرز اور برلینالے میں موجود فلمی اداکاروں کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے کرتے کلونی اچانک بالکل سنجیدہ ہو گئے اور اُنہوں نے خود سے کیے جانے والے کو جواب دینے کی بجائے اُس سے یہی سوال کر ڈالا، ’’آپ اس کے لیے کیا کر رہے ہیں؟

Berlinale Hail Cesar George Clooney Roter Teppich
برلینالے 2016 ء میں جارج کولونی ریڈ کارپٹ پرتصویر: Reuters/S. Loos

کلونی کا کہنا تھا، ’’میں ان کاموں پر اپنا بہت سارا وقت صرف کرتا ہوں اور یہ ایک انتہائی معیوب سی بات ہے کہ ایسی جگہ پر کھڑا ہو کر کسی سے یہ سوال کیا جائے کہ ’آپ مہاجرین کے لیے کیا کر رہے ہیں؟‘۔

جارج کلونی نے مزید کہا، ’’میں بہت سے خطرناک مقامات تک جا چُکا ہوں اور وہاں میں نے مہاجرین سے ملاقاتیں کی ہیں۔‘‘

جارج کلونی کے بقول وہ مغربی سوڈانی علاقے دارفور کے بارے میں ایک فلم بنانا چاہتے تھے تاہم انہیں کوئی مناسب اسکرپٹ نہیں ملا۔