مہاجرين کے کارواں کی تصاوير، فوٹو جرنلسٹ اعلیٰ ايوارڈ کا حقدار
وسطی اور لاطينی امريکی ممالک سے امريکا کی طرف بڑھتے ہوئے مہاجرين کے کارواں ذرائع ابلاغ اور سياستدانوں کی توجہ کا مرکز رہے ہيں۔ ميکسيکو کے فوٹو جرنلسٹ گوليرمو آرياس نے مہاجرين کے اس پر خطر سفر کی تصويری عکس بندی کی۔
ايوارڈ جيتنے والا فوٹو جرنلسٹ اور مہاجرين کا بحران
سن 2018 اور 2019ء کے دوران وسطی امريکا سے ہزارہا مہاجرين نے بہتر زندگی کی تلاش ميں امريکا کا رخ کيا۔ اس دوران یہ مہاجرين خطرناک راستوں پر اور انتہائی مشکل حالات ميں کئی کئی مہینے مسافت میں رہے۔ ميکسيکو سے تعلق رکھنے والے فوٹو جرنلسٹ گوليرمو آرياس کو ايسے ہی حالات و مشکلات ميں گھرے ہوئے مہاجرين کے تجربات اپنے کيمرے کی آنکھ سے ہميشہ کے ليے يادگار بنانے پر فوٹو جرنلزم کا ايوارڈ ديا گيا۔
بچوں کے ساتھ پناہ کی تلاش
سياسی پناہ کے ليے امريکا پہنچنے کی کوشش کرنے والے اکثر لوگ اس اميد ميں اپنے بچوں کو بھی اپنے ہمراہ لے جاتے ہيں کہ شايد یوں ان کی پناہ کی درخواست منظور ہو جانے کے امکانات بڑھ جائيں۔ تاہم حقيقت اس کے برعکس ہے۔ خاندانوں کو بارڈر پر سخت حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی واقعات ميں تو بچوں کو ان کے والدين سے عليحدہ کر کے حراستی مراکز میں منتقل کر ديا جاتا ہے۔
بہتر زندگی کے ليے ہزاروں ميل پيدل سفر
امريکا کی جنوبی سرحد تک پہنچنے کے ليے وسطی امريکی ممالک کے مہاجرين کو کئی کئی ہفتے سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ عموماً ہونڈوراس، گوئٹے مالا، نکاراگوا اور السلواڈور سے تعلق رکھنے والے مہاجرين کارواں کی شکل ميں آگے بڑھتے ہيں۔ ايسے کسی بھی کارواں ميں شامل افراد دو دو ہزار کلوميٹر کی مسافت پيدل ہی طے کرنے کو تيار ہوتے ہيں۔ راستے ميں کبھی کبھار انہیں کوئی ٹرک يا ٹرين وغيرہ بھی مل جاتے ہيں۔
ميکسيکو پر بوجھ
اس تصوير ميں مہاجرين کو ايک بچے کی مدد کرتے ديکھا جا سکتا ہے۔ ميکسيکو کی رياست ويراکروز ميں سايولا ڈی اليمان اور اسلا کو ملانے والی شاہراہ پر ايک شخص بچے کو ٹرک پر چڑھا رہا ہے تاکہ وہ آگے سفر کر سکے۔ امريکا جانے والے زیادہ تر مہاجرين ميکسيکو سے ہو کر گزرتے ہيں، جس کی وجہ سے اس ملک پر بھی کافی دباؤ ہے۔
ميکسيکو ميں مہاجرين کو دستياب مدد
پناہ گزينوں اور مہاجرين کے بارے ميں امريکا کے مقابلے ميں ميکسيکو کی پاليسياں مقابلتاً کافی نرم ہيں۔ علاوہ ازيں اس ملک ميں انہيں جگہ جگہ مدد فراہم کی جاتی ہے۔ ايسے مہاجرين کو کئی مقامات پر تعليمی اور طبی سہوليات ميسر ہيں۔