1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مکہ اور مدینہ کو ملانے کے لیے ہائی اسپیڈ ٹرین کا افتتاح

26 ستمبر 2018

اسلام کے دو مقدس ترین شہروں مکہ اور مدینہ کو آپس میں ملانے کے لیے تقریباً آٹھ ارب امریکی ڈالر سے تیار ہونے والی ہائی سپیڈ ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں یہ اپنی نوعیت کا مہنگا ترین اور اولین منصوبہ ہے۔

https://p.dw.com/p/35W2R
Saudi-Arabien Jeddah Einweihung der Zugverbindung nach Mekka und Medina
تصویر: Reuters/Courtesy of Saudi Royal Court/B. Algaloud

چار سو پچاس کلومیٹر طویل حرمین ریلوے کے اس منصوبے کے تحت مکہ اور مدینہ کو بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جدہ سے جوڑ دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ مشرق وسطیٰ میں ٹرانسپورٹ کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اس منصوبے سے سالانہ ساٹھ ملین مسافر فائدہ اٹھائیں گے۔ اس تیز رفتار ٹرین کو آئندہ ہفتے عام عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

جدہ میں خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نبیل العمودی کا کہنا تھا، ’’حرمین کے مابین سفر انتہائی مختصر اور آسان بنا دیا گیا ہے اور اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’اس منصوبے سے واضح ہوتا ہے کہ سعودی عرب اسلام اور مسلمانوں کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔‘‘

Saudi-Arabien Jeddah Einweihung der Zugverbindung nach Mekka und Medina
تصویر: Reuters/Courtesy of Saudi Royal Court/B. Algaloud

دو برس پہلے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سیاحت میں بھی اصلاحات کا اعلان کیا تھا اور جرمین کے زائرین سعودی سیاحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

یہ ٹرین لائن اسپین کے ایک کنسورشیم کی طرف سے تعمیر کی گئی ہے اور اسے مالی مدد سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے فراہم کی گئی۔ اس ٹرین کی وجہ سے مکہ اور مدینہ کے درمیان سفری وقت نصف ہو کر رہ جائے گا۔

اس منصوبے کے مینیجر محمد فلاتح کا کہنا تھا کہ یہ ٹرین مسافروں کو قابل اعتبار اور تیز سروس فراہم کرے گی، ’’سفر آرام دہ ہوگا۔ لوگ کتب بینی یا پھر میگزین پڑھتے اور برنس کلاس میں ٹی وی دیکھتے ہوئے سفر کر سکیں گے۔‘‘

سعودی حکام کو امید ہے کہ اس ٹرین کی وجہ سے ’کنگ عبداللہ اکنامک سٹی‘ میں بھی سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوگا۔ بزنس زون کے نام سے بنایا جانے والا یہ شہر پہلے ہی موجود ہے لیکن وہاں سیاحوں کی تعداد انتہائی کم جاتی ہے۔

اسی طرح یہ ٹرین جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک نئے ٹرمینل سے بھی منسلک کر دی جائے گی۔ یہ نیا ٹرمینل ڈومیسٹک فلائٹس کے لیے کھول دیا گیا ہے لیکن آئندہ برس سے اسے بین الاقوامی پروازوں کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

اگلے مرحلے میں اس ٹرین کے ذریعے ریاض کو جدہ سے ملا دیا جائے گا۔

ا ا / ع ح (نیوز ایجنسیاں)