1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مکان کون خریدے گا؟ نیوزی لینڈ میں نیا قانون

16 اگست 2018

نیوزی لینڈ میں ایک قانون سازی کے تحت اس ملک میں مقیم زیادہ تر غیر ملکیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کہ وہ کچھ مخصوص جائیدادیں نہیں خرید سکتے۔ اس کی وجہ مکانات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو ایک حد میں لانا بتایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/33FI8
Mann sucht nach verlorenem Schlüssel
تصویر: picture-alliance/F.Gabbert

نیوزی لینڈ کی حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں جائیدادیں خریدنے والے زیادہ تر افراد کا تعلق چین اور آسٹریلیا سے ہے۔ تاہم اس پابندی سے آسٹریلیا کے شہری متاثر نہیں ہوں گے۔

بدھ کے دن نیوزی لینڈ کی پارلیمان نے قانون منظور کیا کہ غیر رہائشی غیرملکی ملک میں کچھ مکانات نہیں خرید سکتے۔ اس قانون کا مقصد مکانات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا بتایا گیا ہے تاہم ساتھ ہی یہ کوشش بھی کی جا رہی ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہری اس ملک میں مقیم امیر غیر ملکیوں کے مقابلے میں اپنی قوت خرید کو برقرار رکھ سکیں۔

وزیر اعظم جیسینڈا آرڈن نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ منتخب ہونے کے بعد وہ گھروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو میں لانے کی خاطر اقدامات کریں گی۔ اس قانون کو ان کے اسی انتخابی نعرے کی تعبیر قرار دیا جا رہا ہے۔

آرڈن کی کابینہ میں شامل ایسوسی ایٹ وزیر خزانہ ڈیوڈ پارکر نے کہا ہے کہ اس قانون سازی سے اندازہ ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت شہریوں کے ان خوابوں کو سچا کرنے کے لیے ثابت قدم ہے کہ وہ اپنا گھر خرید سکیں۔ انہوں نے اس قانون سازی کو ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

نیوزی لینڈ میں گزشتہ ایک عشرے کے دوران مکانات کی قیمتوں میں ساٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ آکلینڈ جیسے بڑے شہر میں یہ قیمتیں تقریبا دو گنا ہو چکی ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں کے دوران نیوزی لینڈ میں مہاجرت اختیار کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

سن دو ہزار سترہ میں نیوزی لینڈ میں مقیم غیرملکیوں کی تعداد اکہتر ہزار نوٹ کی گئی، جس میں بیس فیصد آسٹریلوی، بارہ فیصد چینی اور دس فیصد برطانوی باشندے شامل ہیں۔ اس نئی قانون سازی سے البتہ ایسے آسٹریلوی شہری متاثر نہیں ہوں گے، جو نیوزی لینڈ میں مقیم ہیں۔

نیوزی لینڈ کی حکومت سنگاپور کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے کہ آیا اس کے شہریوں کو بھی اس قانون سے استثنا دے دیا جائے۔ سنگاپور کا نیوزی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ بھی ہے، جس کے تحت غیر ملکی ملکیت کی اجازت ہے۔

ع ب / ع ت /  خبر رساں ادارے