1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مٹ رومنی باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد

Kishwar Mustafa29 اگست 2012

امریکا کی جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں گزشتہ روز ایک بڑے اجتماع میں ریاست میساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی کو ریپبلکن پارٹی کی طرف سے آئندہ صدارتی انتخابات کا باقاعدہ امیدوار نامزد کر دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/15zQX
تصویر: Reuters

امریکا میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، ویسے ویسے انتخابی مہم مزید سنسنی خیز ہوتی جا رہی ہے۔ ڈیمو کریٹ لیڈر اور موجودہ صدر باراک اوباما کی مقبولیت کا گراف اوپر نیچے ہو رہا ہے۔ دوسری جانب ان کے مد مقابل ریپبلکن لیڈر مٹ رومنی اپنی کامیابی کی امید میں سیاسی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کی حامل امریکی ریاستوں کے دوروں میں تیزی لا رہے ہیں۔ رومنی کی سیاسی مہم کا اہم ترین مرحلہ طے ہو گیا ہے، یعنی ریپبلکن پارٹی نے مٹ رومنی کو باضابطہ طور پر اپنا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

اس موقع پر تمام امریکی ریاستوں سے آئے ہوئے مندوبین موجود تھے۔ اس سلسلے میں ہونے والی ووٹنگ میں 2061 مندوبین نے مٹ رومنی کے حق میں جبکہ 202 نے دیگر امیدواروں کے حق میں ووٹ دیے۔ مٹ رومنی کی نامزدگی کے لیے گیارہ سو چوالیس ووٹ درکار تھے۔ اس ووٹنگ کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بوہنر نے مٹ رومنی کی 2061 ووٹوں سے جیت کا اعلان کیا۔ 65 سالہ ریپبلکن لیڈراور کروڑ پتی مٹ رومنی اس موقع پر خود موجود نہیں تھے۔

US-Republikaner Parteitag Romney Nominierung
ٹیمپا میں منعقد ہونے والی ریپبلکن پارٹی کانگریستصویر: dapd

مٹ رومنی کی اہلیہ کا مندوبین سے کہنا تھا، ’مجھے ہر اُس امریکی سے، جو یہ سوچ رہا ہے کہ ہمارا اگلا صدر کون ہو گا، یہ کہنا ہے کہ میرے شوہر سے زیادہ محنت سے کام کرنے والا کوئی دوسرا نہیں ہو سکتا ۔ کوئی اپنے ملک اور عوام کا خیال اُن کی طرح نہیں کر سکتا۔ اس سرزمین کو رہنے کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کی غرض سے کوئی دوسرا لیڈر مٹ رومنی کی طرح زمین و آسمان ایک نہیں کر سکتا‘۔

قبل ازیں امریکا میں ہونے والے پرائمری الیکشنز کے دوران مٹ رومنی نے تمام ریاستوں کے دورے کیے اور اپنی انتخابی مہم کے دوران رواں سال مئی تک انہیں مندوبین کی کافی زیادہ تعداد کی حمایت حاصل ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ 2008ء میں بھی مٹ رومنی نے صدارتی امیدواروں کے مقابلے میں حصہ لیا تھا لیکن کامیاب نہیں ہوئے تھے۔

USA Republikaner Parteitag Tampa
2008ء میں بھی مٹ رومنی نے صدارتی امیدواروں کے مقابلے میں حصہ لیا تھاتصویر: REUTERS

گزشتہ روز ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں مٹ رومنی کی نامزدگی کے باقاعدہ اعلان کے چند لمحوں بعد ہی نائب صدر کے عہدے کے لیے بیالیس سالہ پال رائن کو باضابطہ طور پر نامزد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا، جو کانگریس کے رکن بھی ہیں۔

امریکا میں آئندہ صدارتی انتخابات کے انعقاد سے پہلے اب تک کے تمام سروے اور رائے عامہ کے جائزے آئندہ صدارتی انتخابات میں مٹ رومنی اور باراک اوباما کے مابین کانٹے دار مقابلے کی نشان دہی کر رہے ہیں۔

km/aa (Reuters)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں