موہالی ٹیسٹ میں بھارت کی پوزیشن مستحکم
22 دسمبر 2008انگلینڈ نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں چھہ وکٹوں کے نقصان پر 282 رن بنائے تھے لیکن آج صبح بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرکے انگلینڈ کو پریشان کردیا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم بالآخر 302 رنوں پر آوٴٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی طرف سے کپتان کیون پیٹرسن نے شاندار 144اینڈریو فلینٹاف نے 62 اور افتتاحی بیٹسمین الیسٹئر کوک نے پچاس رنوں کی اننگز کھیلیں۔ بھارت کی جانب سے ہربھجن سنگھ نے چار جبکہ میڈیم پیسر ظہیر خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں گوتم گمبھیر اور راہل ڈراوڈ کی شاندار سنچریوں کی بدولت 453 رن سکور کئے تھے۔ گوتم گمبھیر نے 179اور راہل ڈراوڈ نے کافی عرصے بعد فارم میں آکر 136 رنوں کی اننگز کھیلی۔
دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بھارتی شہر چنئی میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے سچن تندولکر اور یوراج سنگھ کی زبردست کارکردگی کے نتیجے میں انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح حاصل کی۔
دو میچوں پر مبنی اس ٹیسٹ سیریز میں بھارت کو انگلینڈ پر ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ اس سے قبل محدود اووروں کی سیریز میں بھی بھارت کی کارکردگی شاندار رہی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم کوئی میچ جیت نہیں سکی تھی۔