1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منوج سنہا جموں و کشمیر کے نئے لیفٹیننٹ گورنرمقرر

جاوید اختر، نئی دہلی
6 اگست 2020

سابق وفاقی وزیر منوج سنہا کو بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کا نیا لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) مقرر کیا گیا ہے۔ وہ وزیر اعظم مودی کے معتمد اور حکمرا ں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنماوں میں سے ایک ہیں۔

https://p.dw.com/p/3gUgY
New Delhi Union MoS Communications Manoj Sinha addresses at the inaugural programme of Conference
منوج سنہاتصویر: IANS

اس سے قبل جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے اپنا استعفی بھارتی صدر کو سونپ دیا تھا۔ انہیں بھارت کا کمپٹرولر اور آڈیٹر جنرل (محتسب اعلی) کے آئینی عہدہ پر فائز کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

صدارتی سکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے”صدر نے جناب گریش چندر مرمو کا جموں اور کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر استعفی قبول کرلیا ہے اور جناب منوج سنہا کو جموں و کشمیر کا اُس تاریخ سے لفٹننٹ گورنر مقرر کیا ہے، جس تاریخ کو وہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔"

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے سے جے سی مرمو کا استعفی اور منوج سنہا کو ان کا جانشین مقرر کیے جانے کا قدم ایسے وقت میں اٹھا یا گیا ہے جب جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت کا درجہ دینے والے آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کیے جانے کا ایک سال مکمل ہوا ہے۔ اس موقع پر پورے کشمیر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ ہیں اور سیکورٹی کا پہرہ اتنا سخت ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت احتجاجی مظاہرے نہیں کرسکی۔ مودی حکومت نے گزشتہ برس پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کردی تھی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مودی حکومت نے ایک سیاست داں کو جموں و کشمیر کا نیا ایل جی بنا کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ حکومت سیاسی سرگرمیاں بحال کرنا چاہتی ہے۔ جے سی مرمو ایک بیورو کریٹ تھے۔ اور پچھلے نو ماہ کے دوران وہ مودی حکومت کے مطلوبہ ہدف کو حاصل نہیں کرسکے۔ اس سے قبل ستیہ پال ملک اور ارون نہرو کو چھوڑ کر جموں و کشمیر میں جتنے بھی گورنر بنائے گئے وہ یا تو سابق بیوروکریٹ تھے یا پھر ان کا تعلق سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ سے تھا۔

Indien Srinagar | Bürgermeiter von Jammu und Kashmir Satya Pal Malik  währendfestlichkeiten zu Indiens Unabhängigkeitstag
ستیہ پال ملکتصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/F. Khan

تجزیہ کاروں کا تاہم یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تو آنے والے دنوں میں ہی پتہ چل سکے گا کہ منوج سنہا کے ایل جی بنانے کے بعد جموں و کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں کس قدر بحال ہوپاتی ہیں اور وہاں جیلوں میں قید یا گھروں میں نظر بند سیاسی رہنماوں کو آزادی مل پاتی ہے یا نہیں۔ یہ سب کچھ دہلی پر منحصر کرے گا کہ وہ معاملات کو کس طرح آگے لے جاتی ہے۔ صرف سیاسی بیک گراونڈ والے شخص کو ایل جی مقررکردینے سے زمینی حالات تبدیل نہیں ہوسکیں گے الا کہ وہ خود کو سیاست دانوں، سیاسی جماعتوں اور عوام سے جوڑ ے۔

اس دوران نئی دہلی میں حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ہفتوں میں سری نگر کا دورہ کرسکتے ہیں۔

منوج سنہا کون ہیں؟

منوج سنہا وزیر اعظم مودی کے معتمد اور بی جے پی کے سینئئر رہنماوں سے میں سے ایک ہیں۔ وہ مواصلات کے وزیر اور ریلوے کے نائب وزیرکے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔  مشرقی اترپردیش کے غازی پور پارلیمانی حلقے سے پارلیمان کے لیے تین مرتبہ منتخب ہوئے۔ تاہم سن 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں تین اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار افضل انصاری سے ہار گئے تھے۔

Indien Delhi Budget Eisenbahn
منوج سنہا 2014-15 کا ریل بجٹ پیش کرنے جاتے ہوئےتصویر: Uni

2017ء میں اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی زبردست کامیابی کے بعد انہیں ریاست کے ممکنہ وزیر اعلی کے طورپر دیکھا جارہا تھا لیکن قرعہ فال گورکھ پور سے پانچ مرتبہ پارلیمان کے لیے منتخب ہونے والے یوگی ادیتیہ ناتھ کے نام نکلا۔

منوج سنہا طالب علمی کے زمانے میں ہی سیاست سے وابستہ ہو گئے تھے۔ وہ بنارس ہندو یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر رہے۔ انہوں نے بھارت کے اعلی ترین تکنیکی تعلیمی اداروں میں سے ایک انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، بنارس سے سول انجینئرنگ میں بی ٹیک اور ایم ٹیک کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہیں عوام کے ساتھ مضبوط تعلق استوار کرنے کی صلاحیت کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ تاہم پچھلے الیکشن میں وہ اس وقت تنازع کا شکار ہو گئے جب انہوں نے ایک انتخابی جلسے میں کہا کہ”اگر کوئی بی جے پی کے کارکن کے خلاف انگلی اٹھا ئے گا تو چار گھنٹے کے اندر اس کی انگلی سلامت نہیں رہے گی۔ اوراگر کسی نے بی جے پی کے کارکنوں کو آنکھ دکھانے کی کوشش کی تو اس کی آنکھیں سلامت نہیں رہیں گی۔"

مرمو، مودی اور امیت شاہ کے معتمد

ادھر جے سی مرمو کو بھارت کا نیا کمپٹرولر اور آڈیٹر جنرل (سی اے جی) بنائے جانے کی خبریں ہیں۔ چونکہ موجودہ سی اے جی راجیو مہرشی آٹھ اگست کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں اوراس آئینی عہدے کو خالی نہیں رکھا جا سکتا۔ یہ ادارہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ حکومتی اداروں کے کام کاج سے متعلق رپورٹ دیتا ہے۔

IWMF 2020 Preisträgerin Masrat Zahra, Fotojournalistin | Bild aus Kaschmir, Indien, 2019
تجزیہ کاروں کے مطابق جموں و کشمیر کے پہلے لفٹننٹ گورنر جے سی مرمو پچھلے نو ماہ کے دوران مودی حکومت کے مطلوبہ ہدف کو حاصل نہیں کرسکے۔تصویر: picture-alliance/Zuma/Masrat Zahra

مرمو کا تعلق مشرقی ریاست اوڈیشہ سے ہے لیکن وہ گجرات کیڈر کے انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے افسر ہیں۔ وہ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے انتہائی معتمد سمجھے جاتے ہیں۔ اس لیے جب مودی اور امیت شاہ گجرات سے دہلی آئے تو انہیں بھی اپنے ساتھ لے آئے۔ مرمو پچھلے سال 30 نومبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے تھے لیکن اس سے پہلے ہی اکتوبر میں انہیں جموں و کشمیر کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کردیا گیا۔

مرمو نے گزشتہ دنوں جموں و کشمیر میں الیکشن کرانے کی باتیں کہی تھیں جس پر بھارتی الیکشن کمیشن نے ان کی سخت سرزنش کی تھی۔

کشمیر میں کیا کچھ بدل گیا؟

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں