1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موبائل فون اور ڈرائیونگ: تین ہزار سے زائد کے خلاف کارروائی

21 ستمبر 2018

جرمنی میں موٹر کار چلاتے ہوئے موبائل فون کا استعمال ممنوع ہے۔ ایسی صورت میں پکڑے جانے والے ڈرائیور کو جرمانے کی سزا کا سامنا ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/35Hm7
Staumonat November Handy beim Autofahren
تصویر: picture alliance/Blickwinkel/M

جرمنی میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال (گفتگو کرنا یا میسیجنگ کرنے) کو شراب نوشی کے بعد کار چلانے سے بھی زیادہ سنگين نوعيت کا غیر قانونی فعل خیال کیا جاتا ہے۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر پولیس حکام اُسی وقت کم از کم ساٹھ یورو کا جرمانہ کرنے کے مجاز ہیں۔

جرمن پولیس نے جمعرات بیس ستمبر کو ملک بھر میں سڑکوں پر ناکے لگا کر تین ہزار ایک سو ڈرائیوروں کو گرفت میں لیا اور انہیں روکنے کے بعد موبائل فون استعمال کرنے پر فی کس ساٹھ یورو جرمانہ بھی عائد کیا۔ یہ کارروائی بظاہر چند گھنٹے تک جاری رہی۔ اسی دوران ڈرائیونگ کے دوران خلاف ضابطہ افعال پر نو ہزار چار سو مقدمات درج کیے گئے۔

جمعرات بیس ستمبر کو جرمنی کے مختلف مقامات پر گیارہ ہزار پولیس اہلکاروں نے اکاون ہزار موٹر کاروں کو روک کر خلاف ورزی کرنے کے تناظر میں جہاں انتباہ کیا وہاں ان پر جرمانے عائد بھی کیے اور مقدمات کا اندراج بھی کیا۔ ان میں مال بردار ٹرک اور بھاری موٹر سائیکلیں چلانے کے شوقین بھی شامل تھے۔

Autoschlüssel und Smartphone
جرمنی میں موٹر کار چلاتے ہوئے موبائل فون کا استعمال ممنوع ہےتصویر: picture-alliance

یہ امر اہم ہے کہ جرمنی میں ڈرائیونگ کے دوران بے ديہانی کو کسی حد تک معمول خیال کيا جاتا ہے اور اس کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب نہیں کیا جاتا۔ تاہم یہی ڈرائیونگ کی خلاف ورزیاں حادثات کا باعث بنتی ہیں اور درجنوں افراد موت کا نوالہ بن جاتے ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ کئی حادثات میں موبائل فون کا استعمال بھی نہیں کیا جا رہا ہوتا لیکن وہ کسی نہ کسی خلاف ورزی کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔

ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر جہاں جرمانہ کیا جاتا ہے تو وہاں ڈرائیور کے لائسنس میں ایک منفی پوائنٹ ڈال دیا جاتا ہے۔ پولیس نے سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ موبائل فون پر خاص طور سے میسیجنگ سے اجتناب کریں۔ پولیس چلتے ہوئے یا سائیکل چلاتے ہوئے موبائل فون کے استعمال کو بھی خلاف ورزی کے زمرے میں خیال کرتی ہے۔